مسافر طیارہ گر کر تباہ، درجنوں افراد ہلاک

مسافر طیارہ گر کر تباہ، درجنوں افراد ہلاک
قزاقستان کے شہر اکٹو میں آذربائیجان ایئر لائنز کا ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہوگئے۔
قزاقستان کی وزارت نے کہا ہے کہ حادثے میں کم از کم 28 افراد زندہ بچ گئے جس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ 30 سے زائد افراد ہلاک ہو سکتے ہیں جب کہ چار لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
وزارت نے ٹیلی گرام پر ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ طیارے میں عملے کے پانچ افراد سمیت 67 افراد سوار تھے، ان میں سے 28 اس حادثے میں بچ گئے اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ مزید افراد زندہ بچ سکتے ہیں اور موقع پر موجود طبی عملے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چار لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
قبل ازیں آذربائیجان ایئرلائنز نے بتایا تھا کہ ایمبریئر 190 طیارے کو شہر سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔
قزاقستان کی ہنگامی وزارت نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ حادثے میں 25 افراد زندہ بچ گئے تھے، بعد ازاں ان کی تعداد بڑھا کر 27 اور پھر 28 کر دی گئی کیونکہ حادثے کے مقام پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔
طیارے کو اصل میں آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے شمالی قفقاز میں روسی شہر گروزنی جانا تھا۔ آذربائیجان ایئر لائنز کے مطابق 37 مسافر آذربائیجان کے شہری تھے۔ اس کے علاوہ 16 روسی، چھ قزاقستانی اور تین کرغیزستان کے شہری بھی تھے۔
روس کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان روزاویاتسیا نے کہا کہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ طیارے پر پرندوں کے ٹکرانے کے بعد پائلٹ نے اکٹو کی طرف رخ کرنے کا انتخاب کیا جس کی وجہ سے طیارے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی کچھ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زندہ بچ جانے والے افراد ساتھی مسافروں کو طیارے کے ملبے سے دور کھینچ رہے ہیں۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












