اسرائیل کا یمنی ائیر پورٹ اور بندرگاہوں پر فضائی حملہ

اسرائیل کا یمنی ائیر پورٹ اور بندرگاہوں پر فضائی حملہ
اسرائیل نے یمن کے ہوائی اڈے اور بندرگاہوں پر فضائی حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور بیالیس زخمی ہوگئے۔
اسرائیل نے صنعا ائیرپورٹ پر کنٹرول ٹاور کو میزائلوں سے نشانہ بنایا، حملے سے پروازوں میں خلل پڑا جب کہ حدیدہ، حزیز، راس کناتیب بندرگاہوں میں پاور اسٹیشنوں پر بھی حملے کئے گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے حملے میں فوجی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ، حملے کے وقت عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیدروس ادہانوم بھی اپنی ٹیم کے ساتھ ائیرپورٹ پر موجود تھے جوکہ بال بال بچ گئے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے یمن پر میزائل حملے کے بعد کہا کہ میں نے یمنی فورسز کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ جو بھی ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اسے پوری طاقت سے نشانہ بنایا جائے گا
واضح رہے کہ یہ ایک ہفتے میں یمن پر اسرائیل کا دوسرا فضائی حملہ ہے۔
ادھر فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے یمن پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں حماس نے کہا کہ اپنے بھائیوں کے خلاف صہیونی دشمن کی جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے۔
حماس نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ اس حملہ میں صنعا کے ہوائی اڈے اور حدیدہ کی بندرگاہ سمیت شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












