جمعہ، 22-مئی،2026
جمعہ 1447/12/05هـ (22-05-2026م)

امریکا اپنے ہتھیار افغانستان سے واپس لے تو خطے میں امن بحال ہوگا، پاکستان

06 مارچ, 2025 14:15

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ ہم علاقائی امن و استحکام کے لیے امریکہ کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے، البتہ امریکا اپنے ہتھیار افغانستان سے واپس لے تو خطے میں امن بحال ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ امریکی مشیر سلامتی کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو کال موصول ہوئی، امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کی انسدادِ دہشتگردی کی کوششوں کی تعریف کی، پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیاتی تبدیلی اور صحت پر مزید بات چیت پر اتفاق ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان انسداد دہشتگردی میں تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا، نائب وزیر اعظم / وزیر خارجہ نے قومی سلامتی کے مشیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، انہوں نے پاکستان کے جاری رہنے کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں پیچھے چھوڑے گئے امریکی فوجی سازو سامان کو واپس لینے کے اعلان کو بھی سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو یو اے ای کے ہم منصب کی بھی کال موصول ہوئی، شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے نائب وزیراعظم سمیت پاکستانی حکام اور عوام کو ماہ رمضان کی مبارکباد دی، دونوں جانب سے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کے دورہ پاکستان کے خوش آئند نتائج کو بھی سراہا گیا، گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کا اعادہ کیا گیا۔

شفقت علی خان کے مطابق اسحاق ڈار کو آزربائیجان کے ہم منصب کی بھی ٹیلیفون کال موصول ہوئی، پاک اٹلی باہمی سیاسی مشاورت کا حالیہ دور روم اٹلی میں منعقد ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان غزہ میں انتہائی ضروری امداد کے داخلے پر پابندی کے اسرائیلی فیصلے کی مذمت کرتا ہے، بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے چیٹہم ہاوس لندن میں مقبوضہ کشمیر پر بیان کو مسترد کرتے ہیں، کشمیریوں کے صدیوں پرانے تحفظات کو اقتصادی بحالی سے حل نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سعودی عرب روانہ ہو گئے، وہ سعودی عرب میں او آئی سی کونسل برائے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے، یہ اجلاس فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال، اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر منعقد ہو رہا ہے، اجلاس میں فلسطینیوں کو ان کے آبائی وطن سے بے دخل کرنے کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال ہو گا، کانفرنس میں نائب وزیر اعظم فلسطینی عوام اور ان کے جائز مؤقف کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد کمانڈر شریف اللہ کی گرفتاری پر وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام دیا، ہم علاقائی امن و استحکام کے لیے امریکہ کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے، پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت شریف اللہ کو گرفتار اور امریکہ کے حوالے کیا، شریف اللہ کو کس قانون کے تحت امریکہ کے حوالے کیا گیا اس پر وزارت قانون بہتر بتا سکتی، مجھے اس معاملے پر کسی قسم کی کوئی پریشانی یا کوف دکھائی نہیں دیتی، وزیر اعظم کا شریف اللہ کی گرفتاری پر ردعمل ایک ریاستی ردعمل تھا۔

شفقت علی خان کے مطابق بھارتی وزیر مملکت کے مودی کے آزاد کشمیر واپس لینے کی ہرزہ سرائی افسوسناک اور باعثِ مذمت ہے، بگرام ائیر بیس واپس لینے یا نہ لینے کا معاملہ افغان اور امریکی حکومت کے درمیان ہے، افغانستان سے بہتر ہمسائیگی پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں، ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد گروہوں کی افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں ہیں، پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھے ہمسایہ تعلقات کا چاہتا ہے لیکن افغانستان کی سر زمین پاکستان میں دہشتگردی کے لئے استعمال ہو رہی ہے، پاکستان بارہا اس حوالے سے افغان حکومت سے مطالبہ کرتا رہا ہے، طورخم بارڈر کی بندش افغان فورسز کی جانب سے متنازع علاقے میں چوکیاں بنانے کی وجہ سے ہوا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان طورخم بارڈر پر ہونے والے انتشار کی مذمت کرتا ہے، پاکستان افغان عبوری حکومت کو اس معاملے کو سنجیدگی سے حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، امریکہ کے ساتھ سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت تسلسل سے جاری ہے، افغانستان میں امریکی چھوڑے گئے ہتھیار خطے میں امن کی صورتحال کے لئے سینگین مسئلہ ہے، اگر امریکہ اپنے چھوڑے گئے ہتھیار افغانستان سے واپس لے لیتا ہے تو اس سے خطے میں امن بحال ہو گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔