صدرِ مملکت اور وزیراعظم کا سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہارِ افسوس

عالمی یومِ یکجہتیِ فلسطین: وزیراعظم اور صدر مملکت کا یکجہتی پر مبنی خصوصی پیغام
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ تعزیت
وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عرفان صدیقی کی وفات کی خبر پر بے حد افسوس اور رنج ہے، پاکستان ایک سنجیدہ مفکر، معلم اور اصول پسند دانشور سے محروم ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی نے علم، برداشت، سنجیدگی اور دلیل کو ہمیشہ اپنی تحریر اور شخصیت کا محور بنایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے اہم رکن اور ہمارے قریبی ساتھی تھے، ان کا شمار نواز شریف اور جماعت کے وفادار ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ عرفان صدیقی کی علمی و سیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان کی بصیرت اور علمی دیانت آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ رہے گی۔ وہ شفیق، منکسرالمزاج اور بے حد نفیس انسان تھے۔ ان کا انتقال میرے، علمی دنیا اور معاشرے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
انہوں نے مرحوم کے لیے بلندیٔ درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا بیان
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کی پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کے استحکام کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔
صدر مملکت نے عرفان صدیقی کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
نواز شریف کا تعزیتی بیان
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے قریبی ساتھی عرفان صدیقی کے انتقال پر دلی رنج و افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے انتہائی مخلص، بااعتماد اور وفاشعار بھائی عرفان صدیقی کی وفات میرے لیے ایک بہت بڑا دکھ ہے۔ ان کا قلم اصول اور حریتِ فکر کی دلیل بنا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی سے محبت کے رشتے کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ وہ ایک منفرد لکھاری، عاجز مزاج اور روشن دماغ شخصیت تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل دے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اظہارِ افسوس
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی ناقابلِ فراموش سیاسی روایات کے علمبردار تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست ایک شاندار اور باوقار سیاستدان سے محروم ہو گئی ہے، مرحوم عرفان صدیقی سیاست کا وقار تھے اور تادیر یاد رکھے جائیں گے۔
مریم نواز نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا بیان
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی سیاسی و صحافتی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی نے صحافت اور سیاست دونوں میدانوں میں اعلیٰ روایات قائم کیں، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے دعا کی کہ “اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، آمین۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا اظہارِ تعزیت
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی اصول پسندی، شائستگی اور باوقار سیاسی طرزِ عمل کی علامت تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ مدلل مقرر، اعلیٰ تہذیبی ورثے اور وضع داری کے حامل شخصیت تھے۔ ان کا خلا مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا اظہارِ افسوس
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی ایک سینئر پارلیمنٹیرین، دانشور اور کہنہ مشق کالم نگار تھے، پارلیمان ایک مدبر، باوقار اور اصول پسند قانون ساز سے محروم ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی مرحوم تمام اراکین کے درمیان احترام و اعتماد کی علامت تھے، ان کی علمی، ادبی اور سماجی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










