جمعہ، 4-ستمبر،2026
جمعہ 1448/03/22هـ (04-09-2026م)

پنجاب میں نوجوان ڈاکٹروں کیلئے بڑا موقع، ہیلتھ کلینکس کی نئی درخواستیں طلب

04 ستمبر, 2026 13:45

پنجاب میں نوجوان ڈاکٹروں کے لیے ایک بار پھر سرکاری ہیلتھ سینٹر حاصل کرنے کا موقع فراہم کردیا گیا ہے۔

مریم نواز ہیلتھ کلینک پروگرام کے تحت دستیاب ہیلتھ سینٹرز کے لیے محکمہ صحت پنجاب نے نئی درخواستیں طلب کرلی ہیں۔

محکمہ صحت و آبادی پنجاب کے مطابق وہ ڈاکٹرز جو پہلے، دوسرے یا تیسرے مرحلے میں ہیلتھ کلینک حاصل نہیں کرسکے، اب دوبارہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ امیدواروں کو دستیاب ہیلتھ سینٹرز میں سے اپنی پسند کا مرکز منتخب کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ امیدوار پنجاب ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کے آن لائن جابز پورٹل کے ذریعے مقررہ تاریخ تک اپنی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔

درخواست دینے کے لیے امیدواروں کو محکمہ صحت کے آن لائن جابز پورٹل پر جاکر اپنے موجودہ اکاؤنٹ میں سائن اِن کرنا ہوگا۔ نئے امیدوار مطلوبہ معلومات فراہم کرکے آن لائن پورٹل پر نیا اکاؤنٹ بناسکتے ہیں۔

اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہونے کے بعد متعلقہ MNHC Application کھول کر آن لائن فارم مکمل کرنا ہوگا۔ امیدوار دستیاب ہیلتھ سینٹرز میں سے اپنی ترجیح کا مرکز منتخب کرنے کے ساتھ اپنی ذاتی، پیشہ ورانہ اور رابطے سے متعلق درست معلومات فراہم کریں گے۔

درخواست کے دوران پورٹل پر طلب کیے گئے ضروری دستاویزات اور متعلقہ ریکارڈ بھی اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ فارم جمع کرانے سے قبل تمام معلومات کا بغور جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی غلط یا نامکمل معلومات کے باعث درخواست متاثر نہ ہو۔

درخواست کامیابی سے جمع ہونے کے بعد امیدواروں کو اپنا درخواست نمبر یا کنفرمیشن ریکارڈ محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت نے درخواست گزاروں کو بعد کی پیش رفت اور اہم اعلانات سے باخبر رہنے کے لیے آن لائن پورٹل باقاعدگی سے چیک کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق موصول ہونے والی تمام درخواستوں کا جائزہ میرٹ کی بنیاد پر لیا جائے گا اور شارٹ لسٹ کیے جانے والے امیدواروں کو انٹرویو کے لیے طلب کیا جائے گا۔ صرف شارٹ لسٹ امیدوار ہی اگلے مرحلے کے لیے اہل ہوں گے۔

مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے ڈاکٹرز پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔