بدھ، 11-فروری،2026
منگل 1447/08/22هـ (10-02-2026م)

پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاعی اعتماد کا عالمی سطح پر اعتراف

07 دسمبر, 2025 08:30

پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاعی اعتماد کا عالمی سطح پر اعتراف جاری ہے۔

عالمی جریدے بلومبرگ کے مطابق ترکیہ نے پاکستان میں جنگی ڈرونز کی اسمبلنگ فیکٹری کے قیام پر غور شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد جدید ڈرون ٹیکنالوجی پاکستان کو منتقل کرنا اور خطے میں ایک نیا دفاعی پیداواری مرکز قائم کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ترکیہ پاکستان کو خفیہ جنگی صلاحیتوں کے حامل اور طویل پرواز کرنے والے جدید ڈرونز اسمبلنگ کے لیے برآمد کرے گا، جو دونوں ممالک کے دفاعی تعاون میں ایک بڑی پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔

ترکیہ کی دفاعی برآمدات اس سال گیارہ ماہ میں 30 فیصد اضافہ کے بعد 7.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جو عالمی دفاعی مارکیٹ میں ترکیہ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق اس ممکنہ منصوبے سے پاکستان کی دفاعی صنعت کو نئی بلندی ملے گی جبکہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاعی اعتماد کا عالمی سطح پر تسلسل کے ساتھ اعتراف ہو رہا ہے۔ پاکستان کی جیو اسٹرٹیجک اہمیت اور خطے کے استحکام میں پاک فوج کے کردار کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون پہلے ہی کئی اہم منصوبوں تک پھیلا ہوا ہے۔ مشترکہ پیداواری معاہدے کے تحت ترکیہ پاکستانی بحریہ کے لیے جدید بحری جنگی جہاز بھی تیار کر رہا ہے، جبکہ ترکیہ نے پاکستان سے پانچویں نسل کے لڑاکا طیارے “کان” پروگرام میں شمولیت کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔

ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز (TAI) پاکستان میں تعاون کے فروغ کے لیے 2019 میں اپنا پہلا دفتر اسلام آباد میں قائم کر چکی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات میں واضح تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ڈرون اسمبلنگ فیکٹری کے منصوبے کو حتمی شکل مل گئی تو پاکستان نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کا حامل بنے گا بلکہ خطے میں دفاعی آلات کی تیاری کا ایک اہم مرکز بھی بن سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔