بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا، فیلڈ مارشل

بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے ، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا، فیلڈ مارشل
راولپنڈی: چیف آف دی آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نئے قائم کیے گئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز میں تینوں مسلح افواج کے افسران سے اہم خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن عسکری تاریخ میں بنیادی تبدیلی کی حیثیت رکھتا ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، تینوں مسلح افواج کے دستوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہ بھی موجود تھے۔
بعد ازاں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے، ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اس تبدیلی کی جانب ایک ضروری قدم ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ ہر سروس اپنی انفرادی شناخت، تربیت اور آپریشنل تیاری برقرار رکھے گی۔ تاہم نیا ہیڈکوارٹر تینوں افواج کے آپریشنز کو ہم آہنگ اور مربوط بنانے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بالا کمانڈ متحد رہے گی جبکہ تینوں سروسز اپنی اندرونی خود مختاری اور موجودہ ڈھانچے کو برقرار رکھیں گی۔
خطاب کے دوران فیلڈ مارشل نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے اگر دوبارہ کوئی جارحانہ قدم اٹھایا گیا تو پاکستان کا جواب پہلے سے بھی زیادہ برق رفتار اور شدید ہوگا۔
انہوں نے طالبان رجیم کے بارے میں بھی واضح موقف اپناتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی عبوری حکومت کو صاف پیغام دے دیا گیا ہے کہ ان کے پاس صرف دو راستے ہیں: یا وہ فتنۂ خوارج کا ساتھ چھوڑ دیں، یا پھر پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کے نتائج بھگتیں۔ اس میں کوئی درمیانی راستہ موجود نہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، مگر کوئی بھی پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت یا عزم کو آزمانے کی غلطی نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تصور ناقابلِ تسخیر ہے اور اس کی حفاظت ایمان سے بھرپور جانبازوں اور متحد قوم کے ہاتھ میں ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










