جمعہ، 3-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/18هـ (03-07-2026م)

ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں نیا انکشاف سامنے آگیا

12 دسمبر, 2025 10:00

ایبٹ آباد کے ضلعی پولیس افسر ہارون رشید نے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹر وردہ کے اغوا اور قتل کی منصوبہ بندی کے لیے مبینہ طور پر 30 لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی۔ اس سلسلے میں ڈی پی او کی جانب سے ایف آئی اے کو باضابطہ خط ارسال کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ واقعے میں نامزد ملزمان عبدالوحید، ندیم اور ردا جدون کے مالی معاملات کی جانچ ضروری ہے، کیونکہ اس کیس میں مشکوک مالی سرگرمیوں اور ممکنہ منی لانڈرنگ کے آثار مل رہے ہیں۔

ایف آئی اے سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملزمان کے بینک اکاؤنٹس، غیر معمولی لین دین اور کسی جاری تحقیق کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

مزید برآں، خط میں ملزمان کے سفری ریکارڈ، کسی ممکنہ پابندی یا واچ لسٹ میں نام شامل ہونے سے متعلق معلومات بھی مانگی گئی ہیں۔

ڈی پی او کے مطابق معاملہ انتہائی حساس ہے اور بروقت معلومات قانونی کارروائی کے لیے اہم کردار ادا کریں گی۔

دوسری جانب، ڈاکٹر وردہ کے بہیمانہ قتل کے خلاف بینظیر شہید ڈی ایچ کیو اسپتال کے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی ملازمین نے چار روز تک احتجاج اور ہڑتال کی۔ تاہم صوبائی حکومت کی یقین دہانی کے بعد یہ احتجاج جی آئی ٹی رپورٹ آنے تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 4 دسمبر کو پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں ڈاکٹر وردہ کو ان کی سہیلی نے مبینہ طور پر 67 تولے سونا ہتھیانے کے لیے اپنے ملازم کے ذریعے قتل کرایا تھا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔