مئی میں پاکستان کو فتح اللہ تعالیٰ کی مدد، قوم اور فوج کے اتحاد سے حاصل ہوئی، طاہر اشرفی

مئی میں پاکستان کو فتح اللہ تعالیٰ کی مدد، قوم اور فوج کے اتحاد سے حاصل ہوئی، طاہر اشرفی
چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مئی میں پاکستان کو فتح اللہ تعالیٰ کی مدد، قوم اور فوج کے اتحاد سے حاصل ہوئی۔
اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں قومی علماء و مشائخ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے جید علماء نے شرکت کی اور ملکی صورتحال، امن و استحکام اور عسکری قیادت کی خدمات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سربراہ جامعہ رشیدہ مفتی عبدالرحیم کا خطاب
اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں قومی علماء و مشائخ کانفرنس میں مفتی عبدالرحیم نے کہا کہ موجودہ جنگی حالات میں سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ سیاسی اور فوجی قیادت یکجا ہوں۔
انہوں نے سیاسی و عسکری قیادت کے اتحاد کو آئین، دین اور شریعت کے مطابق قرار دیتے ہوئے قوم کو شکر ادا کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستانی فوج کو حرمین شریفین کے محافظ ہونے کا شرف عطا کیا اور یہ فوج نہ صرف اسلامی فوج ہے بلکہ عالمی سطح پر اس کی اہمیت اور وقار بھی مسلمہ ہے۔
مفتی عبدالرحیم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے فوج کو غزوہ ہند کی توفیق بھی دی ہے اور ہر شہری کو اپنی فوج کی ہر صورت میں حمایت کرنی چاہیے۔
انہوں نے فتنۂ الخوارج کے حوالے سے بتایا کہ اس فتنے سے لڑنے اور اس کی سرکوبی کے لیے اللہ تعالیٰ نے عسکری قیادت اور پاکستانی فوج کو منتخب کیا ہے، اور علماء کی مدد اس وقت سب سے زیادہ ضروری ہے۔
انہوں نے خوارج کے دہشت گردانہ اعمال، خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں، اور افغانستان میں اس فتنے کی بھارت و اسرائیل سے پشت پناہی پر بھی تشویش ظاہر کی۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کا خطاب
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وطن کی سرحدوں کی حفاظت سپہ سالار کے ہاتھ میں اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت علماء کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مدارس کے 30 لاکھ طالبعلم ہر وقت فوج اور ریاست کی ہدایات کے منتظر ہیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے مئی میں قوم اور فوج کے اتحاد کی بدولت حاصل ہونے والی فتح کو اللہ تعالیٰ کی مدد قرار دیا۔
مرکزی جنرل سیکریٹری، شیعہ علماء کونسل علامہ شبیر حسن میثمی کا خطاب
علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ ’بنیان المرصوص‘ ملک کی عزت اور شرف کا باعث ہے۔
انہوں نے پاک فوج کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے خلاف کسی بھی پروپیگنڈا کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔
جمعیت اہلحدیث علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری کا خطاب
علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے تاریخی معرکہ حق سر کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی نام نہاد سیاستدان کو فوج کے کسی سپاہی کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پیر حسن حسیب الرحمان
پیر حسن حسیب الرحمان نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کی سربلندی کے لیے علماء ہر قدم پر فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاسپورٹ کی عالمی سطح پر عزت بڑھ رہی ہے اور اوورسیز پاکستانی اب سر اٹھا کر چلتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر ’پیغام پاکستان‘ کو قانون کا حصہ بنایا جائے تو یہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر ثابت ہوگا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











