منگل، 10-فروری،2026
پیر 1447/08/21هـ (09-02-2026م)

افغان طالبان کی پشت پناہی سے دہشتگردی کے ذریعے شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، فیلڈ مارشل

21 دسمبر, 2025 13:30

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی پشت پناہی سے دہشتگردی کے ذریعے شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاد کا حکم یا فتویٰ دینے کا اختیار صرف ریاست کو حاصل ہے، ریاست کے علاوہ کوئی فرد یا گروہ یہ اختیار نہیں رکھتا۔

انہوں نے کہا کہ ریاستِ پاکستان اور ریاستِ طیبہ کے درمیان گہرا تعلق اور نمایاں مماثلت پائی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان دونوں کا قیام کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر اور ماہِ رمضان میں عمل میں آیا، جو ان دونوں ریاستوں کے درمیان مماثلت کی ایک بڑی وجہ ہے۔

عاصم منیر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اسلامی ممالک میں سے پاکستان کو محافظینِ حرمین کا شرف عطا کیا، جبکہ ہمیں خادم الحرمین کی ذمہ داری سونپی گئی۔

فیلڈ مارشل نے آپریشن بنیان المرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران اللہ تعالیٰ کی مدد کو آتے ہوئے دیکھا اور محسوس کیا گیا۔

انہوں نے دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کی پشت پناہی سے دہشت گردی کے ذریعے شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کی جو تشکیلیں افغانستان سے آتی ہیں، ان میں 70 فیصد افراد افغان ہیں، افغانستان کو فتنہ الخوارج اور پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ جن قوموں نے اسلام کی علمی اور فکری میراث کو چھوڑ دیا، وہ زبوں حالی کا شکار ہو گئیں، اور ترقی و استحکام کے لیے اسی میراث سے وابستگی ناگزیر ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔