ای چالان کے بھاری جرمانوں سے پریشان کراچی والوں کیلئے خوشخبری

Big good news regarding e-challans has arrived
کراچی میں فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام کے تحت عائد کیے جانے والے بھاری جرمانوں سے پریشان شہریوں کے لیے اچھی خبر سامنے آ گئی ہے۔ سندھ حکومت نے ای چالان کے جرمانوں میں نرمی کا عندیہ دے دیا ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ ای چالان کے موجودہ جرمانوں پر نظرِ ثانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات سینٹرل پولیس آفس کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کو بھی ایک ہفتے کے اندر اپنی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر فیصلہ کیا جا سکے۔
ضیا الحسن لنجار نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق ٹریفک سگنل توڑنا اور ون وے کی خلاف ورزی ناقابلِ معافی جرم ہے اور ان پر جرمانہ برقرار رکھا جائے گا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ معمولی نوعیت کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر نرمی کا امکان موجود ہے۔ موٹرسائیکل اور کار سواروں کو کچھ ریلیف دیا جا سکتا ہے تاکہ شہریوں پر مالی بوجھ کم ہو۔
صوبائی وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ پولیس چیف اور ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت دی گئی ہے کہ عوام میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم چلائی جائے۔ اس مقصد کے لیے معروف اور بااثر شخصیات کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ شہری ٹریفک قوانین کی اہمیت کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد جرمانے بڑھانا نہیں بلکہ شہریوں کو قانون کی پابندی پر آمادہ کرنا ہے۔ ای چالان سسٹم میں بہتری لا کر عوام دوست اقدامات کیے جائیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










