نئے سال پر صدر اور وزیراعظم کے پیغامات، اتحاد، مفاہمت اور خوشحالی کی دعا

نئے سال پر صدر اور وزیراعظم کے پیغامات، اتحاد، مفاہمت اور خوشحالی کی دعا
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نئے سال کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آنے والا سال پاکستان کے لیے خوشیوں، ترقی اور اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل و کرم کا باعث بنے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں سیاسی قوتوں کو پارلیمان کے اندر مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کی تلقین کی اور قومی سطح پر مفاہمت کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تصادم نہیں بلکہ ہوش مندی، مکالمے اور جمہوری اقدار کے فروغ کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اعتماد کی فضا بحال کرنے اور قومی مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے قیادت کرنے کو تیار ہیں، کیونکہ ملک کو اس وقت اتحاد اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی نئے سال کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ آنے والا ہر دن ملکی سالمیت، قومی اتحاد اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے تمام طبقات کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں 2025 کو دفاع وطن کے حوالے سے ایک تاریخی سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر معرکۂ حق میں شاندار کامیابی حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ملک کے دفاع کے لیے ہمیشہ متحد رہے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









