جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

اگر وزیراعظم گھر نہیں جا رہے تو میں بھی نہیں جاؤں گا، عدم اعتماد پر میئر کراچی کا دوٹوک مؤقف

03 فروری, 2026 15:14

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عدم اعتماد کی خبروں پر واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم اپنے عہدے سے نہیں جا رہے تو وہ بھی گھر نہیں جائیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کے مسائل کا حل سیاسی الزام تراشی میں نہیں بلکہ عملی کام میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی کوتاہی نظر آئے گی وہاں متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ صرف افسران کو تبدیل کرنا مسائل کا حل نہیں، اصل ضرورت کام کرنے کی ہے۔ شہر الزام نہیں، کام مانگتا ہے اور تمام اداروں کو مل کر ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ افسران کام نہ کریں اور تنقید صرف منتخب نمائندوں پر ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کا پیسہ ایمانداری سے خرچ کیا جا رہا ہے اور 26 سڑکوں پر ساڑھے پانچ ارب روپے لگائے جا رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سانحات پر سیاست کرنا غلط روایت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے بعد نقصان اٹھانے والوں سے پوچھنا چاہیے کہ ان پر کیا گزرتی ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ شہر ان کا گھر ہے اور وہ اس کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی روڈ، اولڈ سٹی ایریا اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت کئی سڑکوں کو بہتر بنانے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چار نئے کوریڈورز بنائے جا رہے ہیں جن میں شاہراہ فیصل سے ناتھا خان، راشد منہاس روڈ اور سر شاہ سلیمان روڈ شامل ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کورنگی کازوے پل کھول دیا گیا ہے، مرغی خانہ پل مارچ تک جبکہ کیٹل کالونی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون پل فروری تک مکمل کر لیا جائے گا۔

عدم اعتماد کے سوال پر میئر کراچی نے دوبارہ کہا کہ کیا وزیراعظم گھر جا رہے ہیں؟ اگر وزیراعظم نہیں جا رہے تو میں بھی نہیں جا رہا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔