جمعرات، 3-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/21هـ (03-09-2026م)

پیپلز پارٹی کا ایک بار پھر پارلیمان میں حکومت سے تعاون کرنے سے صاف انکار

03 ستمبر, 2026 14:48

حکومت کی جانب سے قانون سازی کے لیے بار بار رابطوں کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی نے پارلیمان اور قائمہ کمیٹیوں میں حکومت کا ساتھ دینے سے انکار کرتے ہوئے عدم تعاون کی پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تناؤ اور پارلیمانی امور کی انجام دہی کے دوران، حکومت کو اپنی اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے ایک بار پھر بیک ڈور چینلز کے ذریعے پیپلز پارٹی کی قیادت سے رابطہ کیا ہے اور پارلیمنٹ میں مختلف قوانین کی منظوری میں تعاون کی درخواست کی ہے۔

حکومت نے خاص طور پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کی سطح پر زیر التواء بلوں کو پاس کرانے کے لیے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگی تھی، تاکہ قانون سازی کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھ سکے۔

تاہم پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر حکومت کو کسی بھی قسم کا تعاون دینے سے صاف معذرت کر لی ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے حکومت کو واضح جواب دے دیا ہے کہ وہ فی الحال پارلیمان کے اندر حکومت کو کوئی سیاسی یا آئینی سپورٹ فراہم نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری

پیپلز پارٹی کے فیصلے کے مطابق پارٹی قومی اسمبلی، سینیٹ اور کسی بھی قائمہ کمیٹی کی سطح پر حکومت کے پیش کردہ کسی بھی نئے بل کی حمایت نہیں کرے گی۔ پِیپلز پارٹی نے پارلیمان میں حکومت سے مکمل عدم تعاون کی اپنی جاری پالیسی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اپنے تمام پارلیمنٹیرینز کو اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کسی بھی پارلیمنٹیرین نے پارٹی پالیسی سے ہٹ کر کسی حکومتی بل پر ووٹ دیا تو اس کے خلاف سخت ڈسپلنری کارروائی کی جائے گی۔

اس عدم تعاون کی پالیسی کی وجہ سے پِیپلز پارٹی نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق بل پر بھی حکومت کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔

اسی عدم تعاون کے باعث حال ہی میں قومی اسمبلی کی آبی وسائل کمیٹی میں اہم ترین واپڈا ترمیم بل کو بھی مؤخر کرنا پڑا ہے، جس سے حکومت کو قانون سازی میں شدید ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔