وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری

وزیراعظم نے ملک میں تجارت اور برآمدات کے فروغ کے لیے اپنی سربراہی میں ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جو بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل آسان بنانے کا کام کرے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں عالمی تجارت کو آسان بنانے اور برآمد کنندگان و درآمد کنندگان کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کے ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
اس بورڈ کی خاص بات یہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف خود اس کی سربراہی کریں گے۔ یہ بورڈ پاکستان کی عالمی تجارت سے متعلق مکمل سپلائی چین کے نظام میں اصلاحات لائے گا اور سرحد پار تجارت میں حائل تمام غیر ٹیرف امور اور رکاوٹوں پر فوری اور حتمی فیصلے کرے گا۔
اس کے علاوہ یہ بورڈ ملک میں تجارت کے فروغ کے لیے ایک جامع روڈ میپ، ٹریڈ فیسیلیٹیشن انڈیکس اور مانیٹرنگ کی مضبوط حکمت عملی مرتب کرے گا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی تمام بندرگاہوں کی کام کرنے کی صلاحیت میں بہتری لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور اس مقصد کے لیے مختلف تخصیصی ورکنگ گروپس تشکیل دینے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ٹیکس اور رجسٹریشن مراعات میں 2 سال کی توسیع
یہ ورکنگ گروپس بندرگاہوں کی استعداد کار بڑھانے، متعلقہ سرکاری محکموں کے مابین ہم آہنگی بہتر بنانے، ریگولیٹری فریم ورک کی پابندی، سامان پہنچنے سے قبل ہی پری ارائیول کلیئرنس کی سہولت دینے اور عالمی تجارت میں چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں یعنی ایس ایم ایز کی شمولیت سے متعلق جامع تجاویز تیار کریں گے۔
وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ بندرگاہوں پر مال کی آمد و ترسیل اور کلیئرنس کے تمام طریقہ کار کو زیادہ سے زیادہ آسان بنائیں تاکہ تاجروں کو وقت اور پیسے کی بچت ہو سکے۔
اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جاری اصلاحات کے نتیجے میں پورٹ چارجز میں نمایاں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد تاجروں کی جانب سے بندرگاہوں کے استعمال کی شرح میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے اور جہازوں کی آمد سے قبل گڈز ڈیکلریشن جمع کرانے کی سہولت سے تاجر تیزی سے مستفید ہو رہے ہیں۔
اس اہم ترین اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، مشیر وزیراعظم ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








