جمعرات، 12-فروری،2026
جمعرات 1447/08/24هـ (12-02-2026م)

رمضان المبارک کا آغاز کب ہوگا؟ رویت ہلال کمیٹی سے اہم خبر آگئی

12 فروری, 2026 09:24

رمضان المبارک کی آمد سے قبل ماہرین فلکیات نے اہم پیشگوئی کردی ہے۔ اندازوں کے مطابق اس سال پاکستان اور سعودی عرب میں رمضان کا آغاز ایک ہی دن ہونے کا امکان ہے۔ اگر فلکیاتی حساب درست رہا تو یکم رمضان 19 فروری 2026 کو ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق رمضان 1447 ہجری کا نیا چاند 17 فروری 2026 کو پیدا ہوگا۔ تاہم اس روز چاند دنیا کے کسی بھی حصے میں نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس کی وجہ چاند کی عمر اور سورج سے اس کا کم فاصلہ بتایا جا رہا ہے۔

فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ 18 فروری کو صورتحال مختلف ہوگی۔ اس روز پاکستان سمیت کئی ممالک میں چاند دیکھے جانے کے واضح امکانات موجود ہیں۔ کراچی، اسلام آباد اور پشاور میں مطلع صاف ہوا تو چاند آسانی سے دیکھا جا سکتا ہے۔ اسی طرح مکہ مکرمہ میں بھی چاند نظر آنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

اگر 18 فروری کو چاند نظر آجاتا ہے تو پاکستان اور سعودی عرب میں یکم رمضان 19 فروری بروز جمعرات ہونے کا قوی امکان ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی اور متعلقہ ادارے کریں گے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ چاند دیکھنے کے معاملے میں مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 18 فروری کو طلب کر لیا ہے۔ کمیٹی کا مرکزی اجلاس پشاور میں منعقد ہو گا۔

اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سمیت وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور اسپارکو کا معاون عملہ اور افسران بھی شرکت کریں گے۔

چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد چاند کی رویت کے حوالے سے ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی اعلان کریں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔