منگل، 17-فروری،2026
منگل 1447/08/29هـ (17-02-2026م)

حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے دوسرے مرحلے کیلئے چار ماہ درکار ہوں گے : لبنانی حکام

17 فروری, 2026 12:41

لبنان کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے جنوبی علاقوں میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے منصوبے کے دوسرے مرحلے کو مکمل کرنے کیلئے فوج کو کم از کم چار ماہ درکار ہوں گے۔

اطلاعات کے مطابق وزیرِ اطلاعات پال مرقص نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فوجی قیادت نے دوسرے مرحلے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ہے، جس کا حکومت نے جائزہ لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چار ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے، تاہم زمینی حالات، اسرائیلی حملوں اور دستیاب وسائل کے مطابق اس میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔

گزشتہ ماہ فوج نے اعلان کیا تھا کہ پہلے مرحلے کی تکمیل ہو چکی ہے، جس میں دریائے لیتانی اور اسرائیل سے ملحقہ جنوبی سرحد کے درمیان کا علاقہ شامل تھا۔ دوسرا مرحلہ دریائے لیتانی اور دریائے عوالی کے درمیان کے علاقے پر مشتمل ہے، جو بیروت سے تقریباً چالیس کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں بھی مرحلہ وار کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب حزب اللہ نے غیر مسلح ہونے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے اسے امریکہ اور اسرائیل کا منصوبہ قرار دیا ہے۔ تنظیم کا مؤقف ہے کہ جنگ بندی کا اطلاق صرف دریائے لیتانی کے جنوب تک محدود ہے اور اس کے شمال میں ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ قابلِ قبول نہیں۔

کابینہ اجلاس سے قبل حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کی جانب سے اسلحہ کے معاملے کو مرکزی حیثیت دینا ایک سنگین غلطی ہے اور یہ اسرائیلی جارحیت کے مقاصد کو تقویت دیتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلحہ پر پابندی لگانے کی تمام کارروائیاں روکی جائیں۔ مسلسل رعایتوں کی وجہ سے اسرائیلی حملے بند نہیں ہو رہے۔

اسی دوران اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں نئی کارروائیاں کیں۔ قصبہ حانین میں ایک بس اور طلوسہ میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے طلوسہ پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس نے حزب اللہ کے ایک رکن کو نشانہ بنایا جو جنوبی لبنان میں تنظیم کا ڈھانچہ دوبارہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔