ایران کو قطر اور عوامی وسائل کو نقصان پہنچانے کی کوئی پرواہ نہیں، قطری وزیر اعظم

قطر کے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ کہ خطہ انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور ایران کی جانب سے ہونے والے حملے علاقائی سلامتی اور عالمی معیشت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے بعد پورا خطہ شدید کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو قطر اور اس کے عوام کے وسائل کو نقصان پہنچانے کی کوئی پرواہ نہیں کیونکہ وہ بار بار جارحیت کر رہا ہے اور شہری اہداف کو بھی نشانہ بنا رہا ہے۔
قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر کو جن حملوں کا سامنا ہے، وہ ملک کے عزم کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں اور ریاست اپنے قومی مفادات اور وسائل کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل، مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی تیاری اور ریاستی اداروں کی صلاحیت کی بدولت قطر کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی حملوں کے خدشے پر سعودی تجارت بحیرہ احمر کی بندرگاہوں کی طرف منتقل
انہوں نے قطری سرزمین اور برادر ممالک کی سرزمین پر ہونے والے ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں قومی خودمختاری اور حسنِ پڑوسی کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران خطے کی سلامتی اور عالمی معیشت پر ان حملوں کے ممکنہ خطرناک اثرات کو نظر انداز کر رہا ہے۔
شیخ محمد بن عبدالرحمن نے کہا کہ قطر اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
انہوں نے اشتعال انگیز کارروائیاں فوری بند کرنے اور مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد نے تمام ریاستی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں کوئی خلل نہ آنے دیا جائے۔
انہوں نے مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا، جنہوں نے ملک کی فضائی حدود اور قومی سلامتی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












