بدھ، 18-مارچ،2026
بدھ 1447/09/29هـ (18-03-2026م)

علی لاریجانی کی شہادت کے باوجود ایرانی نظام مضبوط ہے، ایرانی وزیر خارجہ

18 مارچ, 2026 10:15

ایرانی وزیر خارجہ نے جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کیلئے نئے ضابطوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امریکا کو موجودہ بحران کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا ایرانی نظام مضبوط ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ علی لاریجانی کی شہادت کے باوجود ایرانی نظام مضبوط ہے اور کسی ایک شخصیت کی موجودگی یا عدم موجودگی سے ریاستی ڈھانچہ متاثر نہیں ہوتا۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران کا سیاسی، معاشی اور سماجی نظام مستحکم بنیادوں پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر فرد اپنا کردار ادا کرتا ہے مگر اصل اہمیت ریاستی ڈھانچے کی ہوتی ہے، جو مضبوط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل ابھی تک اس حقیقت کو سمجھنے میں ناکام رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی عہدیدار کے بیان پر شدید احتجاج، ذمہ داروں کو احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا، ایرانی وزیر خارجہ

عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے دشمنوں کو اس اہم آبی راستے کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب اس کے اطراف جنگ جاری ہے۔

انہوں نے جنگ کے بعد اس آبی گزرگاہ کے لیے نئے ضابطے بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مستقبل میں محفوظ اور پرامن جہاز رانی کو یقینی بنایا جا سکے، جبکہ ایران اور خطے کے مفادات کا بھی تحفظ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے اور ایران نے جنگ کا آغاز نہیں کیا بلکہ صرف اپنا دفاع کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ اس جنگ سے خطے کے عوام متاثر ہوئے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔