اتوار، 22-مارچ،2026
اتوار 1447/10/03هـ (22-03-2026م)

سینیٹر شیری رحمان کی صاحبزادی ماروی ملک کراچی میں انتقال کر گئیں

22 مارچ, 2026 14:58

سینیٹر شیری رحمان کی صاحبزادی ماروی ملک کراچی کے ایک نجی اسپتال میں دماغی شریان پھٹنے سے انتقال کر گئی ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان کی پینتیس سالہ صاحبزادی ماروی ملک کو پانچ روز قبل کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ان کا دماغی شریان پھٹنے کا علاج جاری تھا۔

ان کی طبیعت بگڑنے پر تین روز قبل انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا، تاہم آج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر نے خاندان، دوست احباب اور سیاسی حلقوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ماروی ملک کی نماز جنازہ پیر کی سہ پہر ساڑھے تین بجے ڈی ایچ اے فیز ایٹ کراچی میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

اس اندوہناک واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سینیٹر شیری رحمان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں شیری رحمان اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔

یہ بھی پڑھیں : شیری رحمان ٹائمز کی سو بااثر شخصیات میں شامل

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی ماروی ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ جواں سال صاحبزادی کی وفات کی خبر نہایت صدمہ انگیز ہے اور یہ سینیٹر شیری رحمان کے لیے ایک ناقابل تصور نقصان ہے۔

خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اس واقعے کو ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے شیری رحمان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہرین بھٹو نے بھی ماروی ملک کی وفات پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں سوگوار خاندان کے لیے دعاگو ہیں۔

ماروی ملک کے انتقال پر سیاسی و سماجی رہنماؤں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے اور بڑی تعداد میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے شیری رحمان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔