صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد سیف سٹی آرڈیننس کی منظوری دے دی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد سیف سٹی آرڈیننس کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت سیف سٹی کے کیمروں اور سرویلنس انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچانے پر سخت مالی جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
آرڈیننس کے تحت سیف سٹی کے کسی کیمرے یا سرویلنس انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچانے، اس عمل پر کسی کو اکسانے یا نقصان پہنچانے کی ترغیب دینے کی صورت میں مالی جرمانہ ہوگا۔
سیف سٹی کے کسی کیمرے یا متعلقہ انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچانے والے شخص پر فی کیمرہ 20 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔
آرڈیننس میں جلسے، جلوس، دھرنے، احتجاج یا ہڑتال کے دوران سیف سٹی کے کیمروں یا سرویلنس انفرااسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کی صورت میں منتظمین کو بھی ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
نقصان کی صورت میں اس کی مالی لاگت کا تعین مجاز افسر کرے گا۔ اس عمل میں متعلقہ فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور شنوائی کا موقع بھی دیا جائے گا۔
مجاز افسر کی جانب سے نقصان یا جرمانے سے متعلق کیے گئے فیصلے کے خلاف متاثرہ فریق کو اپیل کا حق بھی حاصل ہوگا۔ آرڈیننس کے مطابق فیصلہ کے خلاف 30 دن کے اندر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کے سامنے اپیل دائر کی جاسکے گی۔
اگر جرمانے یا نقصان کی رقم مقررہ طریقے سے ادا نہ کی جائے تو اسے لینڈ ریونیو کے بقایاجات کے طور پر وصول کیا جاسکے گا۔
آرڈیننس میں جرمانوں اور نقصان کی مد میں وصول ہونے والی رقم کے استعمال کا بھی طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔ حاصل ہونے والی رقم سیف سٹی کے کیمروں اور متعلقہ انفرااسٹرکچر کی مرمت اور تبدیلی پر خرچ کی جائے گی۔
نئے ضابطے کا مقصد سیف سٹی کے کیمروں اور سرویلنس انفرااسٹرکچر کو نقصان سے محفوظ رکھنا اور نقصان کی صورت میں ذمہ داری اور مالی تلافی کا طریقہ کار واضح کرنا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











