ہفتہ، 26-ستمبر،2026
ہفتہ 1448/04/15هـ (26-09-2026م)

پہلی تاریخی جھنگ ڈیزرٹ ریلی صحرا میں ایڈونچر، ثقافت اور روایتی رنگ بکھرنے کو تیار

26 ستمبر, 2026 19:25

جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب میں سیاحت کے فروغ، مقامی ثقافت و روایات کے تحفظ اور جھنگ کے تاریخی و قدرتی حسن کو اجاگر کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پہلی تاریخی جھنگ ڈیزرٹ ریلی اور تین روزہ ثقافتی فیسٹیول 9، 10 اور 11 اکتوبر 2026 کو تحصیل اٹھارہ ہزاری کے علاقے رحمت آباد میں منعقد ہوگا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جھنگ بابر صاحب دین نے گزشتہ روز جھنگ ڈیزرٹ ریلی و ثقافتی فیسٹیول کے آغاز کے مقام پر پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سابق اراکین پنجاب اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ، سلطان سکندر بھروانہ، راشدہ یعقوب شیخ اور خالد غنی، صاحبزادہ مولانا محمد آصف معاویہ، امیر عباس سیال، مکرم وحید شیخ سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے بتایا کہ جھنگ ڈیزرٹ ریلی کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں خواتین کے لیے خصوصی ریس بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جھنگ ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کا مقصد محض ایک ریس کا انعقاد نہیں بلکہ جھنگ کی منفرد شناخت، صحرائی خوبصورتی، ثقافت، روایات، تاریخی و سیاحتی مقامات اور قدرتی حسن کو ملکی و بین الاقوامی سیاحوں کے سامنے متعارف کرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع جھنگ اپنے وسیع صحرائی خطے، تقریباً 6 ہزار مربع کلومیٹر پر محیط تھل، دریائے چناب اور دریائے جہلم کے سنگم، تاریخی ورثے، لوک روایات، قدیم تہذیبی رنگ اور منفرد ثقافت کے باعث ایک نمایاں شناخت رکھتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا مقصد جھنگ کے ان خوبصورت اور منفرد پہلوؤں کو ایک بڑے پلیٹ فارم کے ذریعے ملکی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق جھنگ ڈیزرٹ ریلی میں ملک بھر سے تقریباً 100 بہترین اور ماہر ڈرائیورز و رائیڈرز شرکت کریں گے، جبکہ دنیا بھر سے سیاحوں کی آمد بھی متوقع ہے۔ ریلی کے شرکاء کو تھل کے صحرائی علاقے میں تقریباً 95 کلومیٹر طویل ٹریک پر ڈرائیونگ اور ایڈونچر کا منفرد تجربہ حاصل ہوگا۔
فیسٹیول کے دوران شرکاء اور شائقین کے لیے فوڈ کورٹ، رہائشی کیمپس اور مختلف تفریحی و ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ ایونٹ میں ڈیزرٹ ریلی کے علاوہ تھل کی ثقافت، گھڑ سواری، گھوڑا ڈانس، روایتی کھیل، لوک موسیقی، کبڈی، والی بال، میوزیکل نائٹ اور دیگر ثقافتی و تفریحی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
ان سرگرمیوں کے ذریعے جھنگ کی مقامی ثقافت، روایتی کھیلوں، لوک فنون اور قدیم روایات کو نمایاں کیا جائے گا۔ جھنگ ڈیزرٹ ریلی کے ذریعے ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے افراد کو جھنگ کے صحرائی حسن، تاریخی ورثے، ثقافتی روایات اور مقامی مہمان نوازی سے روشناس کرانے کا موقع ملے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق فیسٹیول کے انعقاد سے جھنگ کے صحرائی علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے، مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے اور علاقے کے قدرتی و تاریخی مقامات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔