منگل، 24-مارچ،2026
منگل 1447/10/05هـ (24-03-2026م)

ایران کے ساتھ معاہدے کے بنیادی نکات طے پا چکے، امریکی صدر کا پھر دعویٰ

24 مارچ, 2026 10:03

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے بنیادی نکات طے پا چکے ہیں اور وہ مشرق وسطیٰ میں مستقل امن کے لیے کوشاں ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے تردید کے باوجود دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ملک نے ایران کی درخواست پر انتہائی ٹھوس بات چیت کی ہے اور وہ ان کے نتائج کے منتظر ہیں۔

فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق ہو چکا ہے اور ان کے ایلچی اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر نے ایرانی وفد کے ساتھ طویل مذاکرات کئے جو انتہائی کامیاب رہے۔

یہ بھی پڑھیں : کیا ایرانی میزائل یورپی دارالحکومتوں تک پہنچ سکتے ہیں؟ نیٹو نے تحقیقات شروع کر دیں

ٹرمپ نے انتباہ کیا کہ اگر ایران معاہدے پر آگے بڑھتا ہے تو جنگ ختم ہو جائے گی، لیکن ناکامی کی صورت میں حملے دوبارہ شروع کر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ معاہدے کی شرائط کے تحت ایران افزودہ یورینیم کے ذخیرے سے دستبردار ہوگا اور ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرنے پر اتفاق کرے گا۔

صدر ٹرمپ نے یہ حیران کن دعویٰ بھی کیا کہ ایران میں نظام کی تبدیلی کا عمل جاری ہے اور تہران کے میزائل پروگرام کو بھی محدود کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران معاہدے کے لیے بے چین ہے اور بہت جلد اعلیٰ سطح پر ملاقات متوقع ہے، کیونکہ امریکہ پانچ دن تک مذاکرات کا عمل جاری رکھے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔