امریکہ کی ایران میں زمینی مداخلت کی تیاریاں، پاسدارانِ انقلاب نے سنگین نتائج سے خبردار کردیا

ایران کی سپاہ پاسدارانِ انقلاب نے امریکی فوج کی 82 ویں ایئر بورن ڈویژن کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ ایران میں قدم رکھیں گے تو ان کا حشر بھی امریکی بحری بیڑوں جیسا ہوگا۔
ایران کی سپاہ پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے امریکہ کی 82 ویں ایئر بورن ڈویژن کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے ایک سخت وارننگ جاری کی ہے۔
ایرانی حکام نے امریکی افواج کو ماضی کے واقعات یاد دلاتے ہوئے سوال کیا کہ کیا تمہیں جیرالڈ فورڈ اور ابراہم لنکن یاد ہیں؟ یہ اشارہ ان امریکی بحری بیڑوں کی طرف تھا، جنہیں ایرانی حملوں اور خطرات کے بعد خطے سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔
پاسدارانِ انقلاب نے واضح کیا ہے کہ امریکی افواج کی ہر نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی نئی تعیناتی کا مقابلہ کرنے کے لیے تہران مکمل تیار ہے۔
یہ بیان ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے، جن کے مطابق پینٹاگون ایران میں زمینی کارروائی کے لیے 82 ویں ایئر بورن ڈویژن کے تقریباً تین ہزار فوجیوں کو مشرق وسطیٰ بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔
امریکی حکام مبینہ طور پر ان افواج کو ایران کے اسٹریٹجک جزیرہ خارگ پر قبضے کے لیے استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران، عراق نہیں، زمینی فوج اتارنا امریکی فوجیوں کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوگا : ماہرین
جزیرہ خارگ ایرانی معیشت کی شہ رگ ہے، جہاں سے چین کو نوے فیصد تیل برآمد کیا جاتا ہے۔ امریکی انتظامیہ کا خیال ہے کہ اس جزیرے پر قبضے سے ایران کو جھکایا جا سکتا ہے، تاہم ایران نے اس کے سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔
دوسری جانب، امریکی افواج کے اندر بھی اس جنگ کے حوالے سے بے چینی بڑھ رہی ہے۔ حالیہ واقعات، جیسے امریکی بحری بیڑے جیرالڈ فورڈ پر آگ لگنے کا واقعہ اور ابراہم لنکن کا ایرانی دباؤ کے باعث پیچھے ہٹنا، امریکی فوجیوں کے حوصلے پست کر رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق امریکی فوجیوں میں جنگ کے غیر واضح مقاصد، بڑھتے ہوئے جانی نقصان کے خوف اور زمینی حملے کے خطرات کی وجہ سے شدید تناؤ پایا جاتا ہے اور بہت سے فوجی ملازمت چھوڑنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اسی کمزوری کو نشانہ بناتے ہوئے امریکہ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایک ایسی جنگ میں نہ کودے جسے وہ جیت نہیں سکتا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











