ایران کی مسلم ممالک کو علاقائی دفاعی اتحاد تشکیل دینے کی دعوت

ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈ کوارٹر نے عرب اور اسلامی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ امریکہ اور اسرائیل پر انحصار ختم کر کے ایک آزاد علاقائی دفاعی اتحاد تشکیل دیں۔
ایران کی مسلح افواج کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈ کوارٹر کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے تمام عرب اور اسلامی ممالک کو ایک اہم پیغام بھیجا ہے، جس میں انہوں نے ایک جامع علاقائی سیکورٹی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک بیرونی طاقتوں، بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کی محتاجی ختم کر کے اپنے دفاع کے لیے خود مختار ڈھانچہ تشکیل دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ واشنگٹن ہمیشہ اسرائیل کی سلامتی کو ترجیح دیتا ہے اور خطے کے ممالک کو صرف اپنے معاشی مفادات اور تیل و گیس کے لیے استعمال کرتا ہے۔
بیان میں ماضی کی جنگوں، خاص طور پر 1967 اور 1973 کی عرب اسرائیل جنگوں سے سبق سیکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سابق قطری وزیر اعظم کی خلیجی ممالک کو فوجی اتحاد بنانے اور پاکستان سے دفاعی تعلقات کی تجویز
جنرل ذوالفقاری کا کہنا تھا کہ اس وقت عرب ممالک کی ناکامی کی بڑی وجہ ایک متحد حکمت عملی اور آزاد فوجی طاقت کا فقدان تھا۔
انہوں نے موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ واقعات نے امریکہ اور اسرائیل کی نام نہاد فوجی برتری کا بت توڑ دیا ہے۔
تہران کا مؤقف ہے کہ اسلامی ممالک کے پاس وہ تمام وسائل اور صلاحیتیں موجود ہیں، جن کی بنیاد پر وہ کسی غیر ملکی مداخلت کے بغیر اپنی حدود کی حفاظت کر سکتے ہیں۔
ایران نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ قرآن و سنت کی روشنی میں ایک ایسے اسلامی عسکری اتحاد کا حصہ بننے کے لیے تیار ہے، جس میں امریکہ اور اسرائیل کے لیے کوئی جگہ نہ ہو۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












