بدھ، 25-مارچ،2026
بدھ 1447/10/06هـ (25-03-2026م)

عراق بھی ایران جنگ میں شامل، نیم فوجی دستوں کو جوابی حملوں کا اختیار دے دیا گیا

25 مارچ, 2026 10:58

عراق کے وزیراعظم نے ملک کی سلامتی کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے نیم فوجی دستوں کو بیرونی حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کا باضابطہ حق دے دیا ہے۔

عراق کے وزیراعظم محمد شیعہ السودانی نے ملک کی تازہ ترین سیکیورٹی صورتحال اور انبار میں نیم فوجی دستوں کے اڈے پر ہونے والے مبینہ امریکی حملے کے بعد ایک اہم ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔

اس حملے میں جانی نقصان کی تعداد بڑھ کر پندرہ تک پہنچ گئی ہے، جس نے ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ اجلاس میں عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل اور نیم فوجی تنظیم حشد الشعبی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شرکاء نے انبار میں ہونے والی کارروائی کو عراقی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ نے عراق اور عمان میں اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کر دی

اجلاس کے دوران قومی سلامتی کونسل کے اس فیصلے کی توثیق کی گئی، جس کے تحت عراقی نیم فوجی دستوں کو یہ حق دیا گیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت اور ملک پر ہونے والے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیں۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عراقی دفاعی ڈھانچے کا حصہ ہونے کے ناطے نیم فوجی دستوں پر حملہ ریاست پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات، سرکاری اداروں اور سفارتی مشنوں کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی گئی اور ایرانی و لبنانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سے عراق امریکی افواج اور مزاحمتی گروہوں کے درمیان حملوں کی زد میں ہے، جہاں ایک طرف امریکہ حشد الشعبی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے تو دوسری طرف مزاحمتی گروہ بغداد میں امریکی سفارت خانے اور دیگر فوجی اڈوں پر جوابی کارروائیاں کر رہے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔