فرانسیسی صدر کا ایرانی اور اسرائیلی ہم منصب سے رابطہ، کشیدگی میں کمی پر زور

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے رابطہ کر کے کشیدگی ختم کرنے پر زور دیا ہے، جبکہ دوسری طرف اسرائیل نے حزب اللہ کی مکمل تباہی تک جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس میں انہوں نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ خلیجی ممالک پر اپنے حملے فوری طور پر بند کرے۔
میکرون نے گفتگو کے دوران آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کی بحالی اور توانائی و شہری بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کا ایران امریکہ مذاکرات پر عدم اعتماد، جنگ کے خاتمے کا امکان مسترد کردیا
فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، کیونکہ یہی واحد راستہ ہے، جو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کی طرف لے جا سکتا ہے۔ میکرون اس وقت خطے میں سفارتی کوششوں کے ذریعے ایک بڑا بحران ٹالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب، اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے بھی فرانسیسی صدر میکرون سے رابطہ کیا اور اسرائیل کا سخت مؤقف دہرایا۔
اسرائیلی صدر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق، ہرزوگ نے واضح کیا کہ اسرائیل اپنی فوجی کارروائیاں اس وقت تک جاری رکھے گا، جب تک ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روک نہ دیا جائے اور اس کی بیلسٹک میزائل صلاحیتوں کو مکمل طور پر ختم نہ کر دیا جائے۔
ہرزوگ نے میکرون کو بتایا کہ اگرچہ لبنان کے ساتھ امن کا وژن ایک درست مقصد ہے، لیکن اس کے حصول کے لیے پہلی شرط حزب اللہ کی فوجی صلاحیتوں کا مکمل خاتمہ ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












