پیر، 27-اپریل،2026
پیر 1447/11/10هـ (27-04-2026م)

پائپ لائن دھماکے سے کوئٹہ اور مضافات میں گیس کا بحران، شہریوں کو متبادل انتظام کی ہدایت

31 مارچ, 2026 14:27

گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑانے کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں کو گیس کی فراہمی بند ہو گئی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس اختر آباد میں گزشتہ روز نامعلوم شرپسندوں نے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے گیس پائپ لائن کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اٹھارہ انچ قطر کی پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی بلوچستان کے مطابق اس تخریب کاری کے باعث کوئٹہ کے بڑے علاقوں جن میں ہزارہ ٹاؤن، ہزار گنجی، خروٹ آباد، پشتون باغ، خیزی اور نوحصار شامل ہیں، وہاں گیس کی سپلائی مکمل طور پر رک گئی ہے۔

صرف کوئٹہ ہی نہیں بلکہ اس پائپ لائن کے متاثر ہونے سے مستونگ، قلات، پشین، کچلاک اور زیارت جیسے دور دراز علاقوں کو بھی گیس کی فراہمی معطل ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں کارروائی سے بلوچستان میں امن قائم، پاکستان کا مؤقف درست ثابت

واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی لی اور اہم شواہد اکٹھے کیے۔

گیس کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد ہی نقصانات کا حتمی جائزہ لیا جائے گا اور مرمتی کام شروع کیا جا سکے گا۔ پائپ لائن کی بحالی کے لیے درکار مخصوص پائپ کراچی سے منگوائے گئے ہیں، جو پہنچتے ہی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

جنرل منیجر نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مرمت مکمل ہونے تک ایک سے دو روز کے لیے گیس کے متبادل ذرائع کا بندوبست کر لیں کیونکہ سپلائی کی مکمل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔

شہر میں اچانک گیس کی معطلی سے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ ہوٹل اور دیگر کاروباری مراکز کو بھی سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔