پیر، 28-ستمبر،2026
پیر 1448/04/17هـ (28-09-2026م)

ٹانک میں ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید

28 ستمبر, 2026 14:28

ضلع ٹانک میں وزیر آباد کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے تین اہلکار شہید ہو گئے، جس پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے وزیر آباد میں شہزاد مارکیٹ کے قریب معمول کی ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس کی گاڑی کو نامعلوم مسلح افراد نے بزدلانہ کارروائی کا نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنا دیا۔

اس فائرنگ کے نتیجے میں ٹریفک پولیس کے تین اہلکار شدید زخمی ہو گئے، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت پیر خالد، وارڈن گل امین اور وارڈن سلیم اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جو اپنی روزمرہ کی سرکاری ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ چند روز کے دوران بلوچستان میں 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کردیئے

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملہ آوروں کی تلاش اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ شہر کے مختلف راستوں پر سخت ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹانک میں ٹریفک پولیس کی گاڑی پر ہونے والے اس فائرنگ کے واقعے کی پرزور مذمت کی ہے اور تینوں اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی یہ لازوال قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔