پیر، 13-اپریل،2026
پیر 1447/10/25هـ (13-04-2026م)

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پاس شہداء کے جنازوں میں شرکت کیلئے وقت نہیں، اختیار ولی

06 اپریل, 2026 14:49

معاون خصوصی اختیار ولی خان نے بنوں واقعے کے شہداء کے جنازوں میں شرکت نہ کرنے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں نام نہاد وزیراعلیٰ قرار دے دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما اور معاون خصوصی اختیار ولی خان نے خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اس وقت انتہائی غیر سنجیدہ اور عجیب لوگوں کی حکومت قائم ہے، جنہیں اپنی ذمہ داریوں کا بالکل احساس نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں کے تھانہ ڈومیل پر خوارج کا بزدلانہ حملہ ناکام، پانچ شہری شہید، چار شدید زخمی

بنوں میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں پانچ قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ صوبے کے وزیراعلیٰ نے شہداء کے جنازوں میں شرکت کرنے کی زحمت تک نہ کی۔

اختیار ولی خان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ اپنے سیاسی مفادات کی خاطر کراچی تک کے طویل دورے کر لیتے ہیں، لیکن جب بات اپنے صوبے کے عوام اور شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہونے کی ہو تو وہ غائب ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام اب سوال کر رہے ہیں کہ وزیراعلیٰ ان مشکل گھڑیوں میں جنازوں میں شریک کیوں نہیں ہوتے؟

اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی شاندار روایات کے بالکل برعکس کام ہو رہا ہے اور وزیراعلیٰ کو اب اپنی آئینی اور اخلاقی ذمہ داریوں کا ادراک کرنا چاہیے کیونکہ وہ صرف ایک جماعت کے نہیں بلکہ پورے صوبے کے نمائندے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔