بدھ، 15-اپریل،2026
بدھ 1447/10/27هـ (15-04-2026م)

لکی مروت میں پولیس موبائل پر ریموٹ کنٹرول دھماکہ، سات افراد زخمی

07 اپریل, 2026 14:38

لکی مروت کے علاقے شہباز خیل میں گشت کرنے والی پولیس موبائل کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار اور دو راہگیر زخمی ہو گئے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں تھانہ شہباز خیل کی پولیس گاڑی پر بارودی مواد سے حملہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ شہباز خیل اڈہ کے قریب ایک موٹر سائیکل میں نصب آئی ای ڈی دھماکے سے پھٹ گئی۔

دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ پولیس گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار نائب انسپکٹر چوکی شہباز خیل جما الدین سمیت پانچ اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے دیگر اہلکاروں میں عارف، فرمان اللہ، عبد الرشید اور ڈرائیور میر حسن شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لکی مروت : فائرنگ کے مختلف واقعات میں 5 افراد قتل

دھماکے کی زد میں آ کر دو راہگیر مشتاق اور صبور خان بھی زخمی ہوئے، جس سے زخمیوں کی کل تعداد سات تک پہنچ گئی ہے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال تاجہ زئی منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس افسر نذیر خان بھاری نفری، انسدادِ دہشت گردی فورس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

علاقے کو گھیرے میں لے کر وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔