پاک بحریہ کا جدید ترین اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ ہوگیا، پاک بحریہ نے مقامی سطح پر تیار کردہ جدید ترین اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کی بحری حدود کے دفاع کو مزید فولادی بنانے کے لیے پاک بحریہ نے مقامی سطح پر تیار کردہ اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
اس جدید ترین میزائل نے سمندر میں موجود اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنا کر اپنی مارکنگ صلاحیت کا لوہا منوا لیا ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے خود اس میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا اور تجربے کی کامیابی پر پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق یہ میزائل جدید ترین گائیڈنس سسٹم اور اڑان کے دوران پینترا بدلنے کی خصوصی صلاحیت سے لیس ہے، جو اسے دشمن کے کسی بھی ریڈار یا دفاعی نظام کو چکمہ دے کر مہلک وار کرنے کے قابل بناتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کا ملائیشیا کا سرکاری دورہ
یہ کامیاب تجربہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی تکنیکی مہارت اور خود انحصاری کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جس کا مقصد خطے میں بحری استحکام اور روایتی توازن کو برقرار رکھنا ہے۔
اس عظیم سنگ میل پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے پاک بحریہ کے افسران، جوانوں اور اس منصوبے سے وابستہ سائنسدانوں کو خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر اس قدر پیچیدہ ہتھیار کی تیاری پاکستان کے دفاعی اداروں کی محنت اور قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور دیگر سروسز چیفس نے بھی اس کامیابی پر سائنسدانوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے ملکی دفاع کے لیے ایک ناگزیر کامیابی قرار دیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











