جمعرات، 30-اپریل،2026
جمعرات 1447/11/13هـ (30-04-2026م)

القاعدہ کا افغان طالبان کی حمایت کا اعلان، پاکستان کا مؤقف درست ثابت

30 اپریل, 2026 14:15

افغانستان میں موجود عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ نے افغان طالبان کی کھلی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے افغان سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف کیے جانے والے حالیہ اقدامات اور اصولی مؤقف ایک بار پھر عالمی سطح پر درست ثابت ہو گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان کے بعد اب عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ بھی افغان طالبان کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئی ہے۔

یہ صورتحال اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ طالبان رجیم کے زیر تسلط افغانستان اس وقت دنیا بھر کی کالعدم تنظیموں کے لیے سب سے محفوظ ٹھکانہ بن چکا ہے، جہاں سے وہ علاقائی اور عالمی امن کو نشانہ بنانے کی سازشیں کر رہے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے شروع کئے گئے آپریشن غضب للحق کی شاندار کامیابیوں نے افغانستان میں چھپے ان تمام گروہوں میں بوکھلاہٹ پیدا کر دی ہے۔

اس آپریشن کے تحت پاکستان نے سرحد پار موجود فتنہ الخوارج سمیت تمام دہشت گرد تنظیموں کے خفیہ ٹھکانوں اور انفراسٹرکچر کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے، جس کے باعث ان تنظیموں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کی انگور اڈہ میں سول آبادی پر گولہ باری، خواتین اور بچوں سمیت چھ افراد زخمی

پاک فوج کی ان مؤثر کارروائیوں کے ردِعمل میں القاعدہ کی جنرل کمان نے پاکستان کے خلاف ایک طویل اور انتہائی سخت لہجے پر مبنی بیان جاری کیا ہے، جس میں واضح طور پر افغان طالبان رجیم کا ساتھ دینے کا عہد کیا گیا ہے۔ القاعدہ کے مطابق وہ اپنی پوری استطاعت اور تمام تر توانائیاں طالبان کے دفاع اور پاکستان کے خلاف استعمال کرے گی۔

یہ بیان ان خدشات کی تصدیق کرتا ہے جو اقوام متحدہ نے جولائی 2025 میں بھی ظاہر کئے تھے، جب عالمی ادارے نے افغان طالبان پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ کے طور پر استعمال نہ ہونے دیں، تاہم طالبان انتظامیہ نے ان تنبیہات کو مسلسل نظر انداز کیا۔

عالمی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان رجیم کی جانب سے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد تنظیموں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنا پورے خطے کے امن کے لیے ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔

پاکستان کی حالیہ انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں نے نہ صرف ان گروہوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے بلکہ ان کے نیٹ ورک کو بھی مفلوج کر دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب القاعدہ جیسی تنظیمیں اپنے بچاؤ کے لیے طالبان کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔