لکی مروت میں دہشت گردوں کا سیکیورٹی کیمپوں پر حملہ، دو اہلکار شہید

لکی مروت میں دہشت گردوں نے پاک فوج اور پولیس کے مشترکہ کیمپوں پر بزدلانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان اور ایک پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے شادی خیل بیٹنی کے علاقے میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پاک فوج اور پولیس کے کیمپوں پر اچانک حملہ کر دیا، جو کہ گاؤں کے اندر ایک ساتھ بنائے گئے ہیں۔
اس شدید فائرنگ اور حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے جوان وسیم اور پولیس اہلکار عرفان اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : لکی مروت میں دہشت گردی کے واقعات، دو سرکاری ملازمین شہید
حملے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس کے دوران پاک فوج کے دو جوانوں سمیت کئی مقامی شہری بھی زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے آبادی کے اندر موجود کیمپوں کو نشانہ بنایا، جس کی وجہ سے نہ صرف سیکیورٹی اہلکار بلکہ مقامی شہریوں کے گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔ مقامی آبادی نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور شہدا کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











