اتوار، 3-مئی،2026
اتوار 1447/11/16هـ (03-05-2026م)
تازہ ترین خبریں

واشنگٹن میں ’’پاسپورٹ ڈی سی‘‘ ایونٹ اور پاکستانی سفارت خانے کی دھوم

03 مئی, 2026 13:39

واشنگٹن ڈی سی میں سالانہ ’’پاسپورٹ ڈی سی – اراؤنڈ دی ورلڈ ایمبیسی ٹور‘‘ کے موقع پر پاکستانی سفارت خانے نے اپنے دروازے عوام کے لیے کھول دیئے۔

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں سالانہ ’’پاسپورٹ ڈی سی – اراؤنڈ دی ورلڈ ایمبیسی ٹور‘‘ کے سلسلے میں پاکستانی سفارت خانے میں اوپن ہاؤس ایونٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے پاکستان کی منفرد تاریخ اور متنوع ثقافت کو سراہا۔

اس بین الاقوامی ثقافتی میلے میں واشنگٹن میں مقیم 68 ممالک کے سفارت خانوں نے عوام کے لیے اپنے دروازے کھولے تھے، تاہم پاکستانی سفارت خانہ اپنی روایتی مہمان نوازی اور دلکش نمائش کی بدولت توجہ کا مرکز رہا۔

سفارت خانے آنے والے متنوع مہمانوں اور سیاحوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے سے روشناس کرایا گیا۔

تقریب کی خاص بات پاک امریکہ دوستی کی جھلکیاں تھیں، جہاں امریکہ کے 250 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی ڈیکوریشن کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : طالبان رجیم کے خلاف افغانستان میں مزاحمتی آوازیں بلند، افغان شہری نے پاکستانی عسکری قیادت سے مدد مانگ لی

شرکاء کی توجہ کا خاص مرکز عالمی شہرت یافتہ پاکستانی ٹرک آرٹ، نفیس ملبوسات اور دستکاری کے شاہکار رہے۔ سفارت خانے کے اندر لگائے گئے مختلف اسٹالز پر قیمتی پتھروں، زیورات اور خوشبوؤں کے ذریعے ملکی مصنوعات کو اجاگر کیا گیا۔

خاص طور پر اردو خطاطی اور مہندی کے اسٹالز پر غیر ملکی مہمانوں کا غیر معمولی رش دیکھا گیا، جہاں خواتین اور بچوں نے بڑے شوق سے اپنے ہاتھوں پر مہندی لگوائی۔

پاکستانی موسیقی کی مسحور کن دھنوں نے پورے ماحول کو سحر زدہ کر دیا؛ طبلہ، ہارمونیم، بانسری اور ڈھول کی آوازوں نے واشنگٹن کی فضاؤں میں پاکستانی رنگ بکھیر دیئے۔ اس کے ساتھ ساتھ مہمانوں کی تواضع روایتی لذیذ کھانوں سے کی گئی، جن کے ذائقوں نے غیر ملکیوں کے دل جیت لیے۔

تقریب کے دوران پاکستان کی سیاحت، معاشی صلاحیت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں تاکہ عالمی سطح پر ملک کا مثبت امیج اجاگر کیا جا سکے۔

پاسپورٹ ڈی سی کے شرکاء کے لیے پاکستانی سفارت خانے کا یہ دورہ رنگوں، آوازوں اور روایتی مہمان نوازی کا ایک یادگار سفر ثابت ہوا، جس نے دونوں ممالک کے عوامی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔