اتوار، 3-مئی،2026
اتوار 1447/11/16هـ (03-05-2026م)
تازہ ترین خبریں

گرینڈ حیات بی این پی لیز کیس، اربوں کی نادہندگی اور قانونی حقائق

03 مئی, 2026 14:16

اسلام آباد کے قلب میں واقع گرینڈ حیات (بی این پی) کیس ایک بار پھر شہ سرخیوں میں ہے، جہاں سی ڈی اے نے عدالتی احکامات کی روشنی میں 14.5 ارب روپے کی نادہندہ کمپنی کی لیز منسوخ کر کے فلیٹس خالی کرانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

اسلام آباد کے مہنگے ترین سیکٹر میں واقع گرینڈ حیات (بی این پی) کیس اپنی قانونی پیچیدگیوں اور اربوں روپے کی نادہندگی کے باعث ایک بار پھر بحران کا شکار ہے۔

سی ڈی اے نے 2005 میں 13.5 ایکڑ اراضی فائیو اسٹار ہوٹل کے لیے آلاٹ کی تھی، جس کی لیز بی این پی کمپنی نے 4.8 ارب روپے میں حاصل کی۔ تاہم، صرف 15 فیصد رقم کی ادائیگی کے بعد کمپنی نے ادائیگیوں کے بجائے ری شیڈولنگ کا سہارا لیا اور ہوٹل کے بجائے وہاں غیر قانونی طور پر 263 لگژری فلیٹس تعمیر کر دیئے۔

یہ بھی پڑھیں : واشنگٹن میں ’’پاسپورٹ ڈی سی‘‘ ایونٹ اور پاکستانی سفارت خانے کی دھوم

سپریم کورٹ نے 2019 میں لیز بحال کرنے کے لیے کمپنی کو 17.5 ارب روپے ادا کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن بی این پی کمپنی اب تک صرف 2.9 ارب روپے جمع کرا سکی ہے اور 14.5 ارب روپے کی نادہندہ ہے۔ اسی بنیاد پر 2023 میں کمپنی کی لیز مستقل طور پر ختم کر دی گئی۔

حیران کن حقیقت یہ ہے کہ ان 263 فلیٹس میں سے صرف 69 میں لوگ موجود ہیں، جن میں سے بھی 85 فیصد فلیٹس ‘ایئر بی این پی’ کے طور پر تجارتی بنیادوں پر استعمال ہو رہے ہیں، جبکہ باقی 194 فلیٹس محض انویسٹرز کے پاس ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے حالیہ حکم پر سی ڈی اے اور اسلام آباد پولیس نے عمارت کا انتظام سنبھالتے ہوئے قابضین کو 7 دن کے اندر فلیٹس خالی کرنے کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

واضح رہے کہ سی ڈی اے نے برسوں پہلے عمارت کے باہر انتباہی نوٹس آویزاں کیے تھے کہ خریدار اس متنازع عمارت میں سرمایہ کاری کے خود ذمہ دار ہوں گے۔

تاہم، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان فلیٹس کے اوریجنل خریداروں کو ان کی اصل قیمت واپس ادا کی جائے گی تاکہ عام شہریوں کا نقصان کم سے کم کیا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔