پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، کبھی سر نہیں جھکائیں گے، بلاول بھٹو

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کو جنگ کے میدان میں عبرتناک شکست دے کر دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ ہم ایک ناقابلِ تسخیر ملک ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ حکومت کے زیرِ اہتمام منعقدہ ’جشنِ معرکہ حق‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’معرکہ حق‘ کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے ان لمحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل پاکستان شدید غیر یقینی صورتحال کے دہانے پر تھا، سرحدوں پر کشیدگی عروج پر تھی اور جنگ کے بادل منڈلا رہے تھے۔ سرحدی علاقوں میں تنازعات کی بازگشت سنائی دے رہی تھی اور ملک کو درپیش چیلنجز نے پوری قوم کو ایک بڑی آزمائش میں ڈال دیا تھا، لیکن ان مشکل حالات کے باوجود پاکستان چٹان کی طرح ڈٹ کر کھڑا رہا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 1947 میں قائم ہونے والا یہ ملک آزمائشوں سے نکھرا اور قربانیوں سے مضبوط ہوا ہے۔ یہ کامیابی اتحاد، یکجہتی اور قومی طاقت کا مظہر بنی اور یہ ان لوگوں کی فتح تھی جنہوں نے دشمن کے سامنے جھکنے سے صاف انکار کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران اور امریکہ کو ایک میز پر بٹھانا پاکستان کا بہت بڑا عالمی معرکہ ہے، مراد علی شاہ
بلاول بھٹو زرداری نے قومی یکجہتی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس بحران کے دوران شمال کے پہاڑوں سے لے کر بحیرۂ عرب کے ساحلوں تک اور پنجاب کے کھیتوں سے لے کر سندھ و بلوچستان کے صحراؤں تک پوری قوم ایک صف میں کھڑی رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج نے بے مثال جرات، نظم و ضبط اور وقار کے ساتھ وطن کا دفاع کیا، جبکہ ہمارے سفارتکاروں نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا مؤقف انتہائی مؤثر اور واضح انداز میں دنیا کے سامنے رکھا۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور پاکستان اپنی سالمیت پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے دشمن کے پروپیگنڈے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرحدوں سے باہر کچھ عناصر تاریخ کو مسخ کرنے اور جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے حقائق چھپانے کی سازشوں میں مصروف ہیں، لیکن تاریخ شور سے نہیں بلکہ ثابت قدم قوموں کے عمل سے لکھی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کبھی جنگ کی خواہش نہیں کی اور ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے، لیکن جب مشکل گھڑی آئی تو پاکستان نے کوئی کمزوری نہیں دکھائی۔ پاکستان نے جارحیت نہیں بلکہ ضرورت کے تحت اپنا دفاع کیا اور یہ جدوجہد محض ایک خواہش نہیں بلکہ ہماری قومی ذمہ داری تھی۔
بلاول بھٹو نے پیغام دیا کہ موجودہ وقت غرور کا نہیں بلکہ غور و فکر کا تقاضا کرتا ہے اور یہ لمحہ لاپرواہی کے بجائے ذمہ داری کا پیغام دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا وہ سنہری باب ہے، جہاں پاکستانی قوم نے مثالی اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کیا اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ یہ قوم کسی کے سامنے جھکنے والی نہیں ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










