ایران اور امریکہ کو ایک میز پر بٹھانا پاکستان کا بہت بڑا عالمی معرکہ ہے، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے نہ صرف دشمن کی فوجی جارحیت کو ناکام بنایا بلکہ سفارتی محاذ پر امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کروا کر اپنی عالمی اہمیت کا لوہا بھی منوایا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ حکومت کے زیرِ اہتمام منعقدہ ’جشنِ معرکہ حق‘ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سندھ حکومت اور پوری قوم معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کا جشن منا رہی ہے۔
انہوں نے گزشتہ سال کے واقعات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ٹھیک ایک سال پہلے بھارت نے ہمارے ملک کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جسارت کی تھی، لیکن ہماری مسلح افواج، سیاسی قیادت، میڈیا اور عوام نے متحد ہو کر دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس کشیدگی کی شروعات 22 اپریل کو ہوئی تھی، جب بھارت نے ایک خودساختہ مشکوک پرواز کے ذریعے آپریشن کا ڈرامہ رچایا اور اس کا تمام تر الزام پاکستان پر تھوپ دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور ہم نے بھارت سے شواہد مانگے تھے کہ اگر کوئی ملوث پایا گیا تو ہم ذمہ داری قبول کریں گے، لیکن بھارت کا منصوبہ کچھ اور تھا۔
بھارت نے ثبوت فراہم کرنے کے بجائے یہ سمجھ لیا کہ شاید پاکستان ایک کمزور ملک بن چکا ہے اور اسی غلط فہمی میں انہوں نے عسکری جارحیت کا آغاز کر دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے دشمن کی ناکامی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سرحدی جھڑپوں کے بعد بھارت نے اپنی فضائیہ کا استعمال کیا، لیکن ہمارے شاہینوں نے ان کے فخر کہلائے جانے والے رافیل طیاروں کو مار گرایا اور ہمارے دیہاتوں کی فضاؤں میں منڈلاتے بھارتی ڈرونز کو بھی زمین بوس کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صرف چند گھنٹوں کی جوابی کارروائی نے بھارت کو یہ باور کروا دیا کہ پاکستان سے لڑنا اس کے بس کی بات نہیں۔
مراد علی شاہ نے بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹ پھیلا رہا تھا کہ کراچی پورٹ پر حملہ کر دیا گیا ہے، لیکن جب میں نے نیوی کمانڈر سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ایسا کوئی واقعہ دور دور تک پیش نہیں آیا۔ انہوں نے پاک بحریہ کی چوکسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم دشمن کی ایک ایک حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : نئی نسل نے معرکہ حق میں پاک افواج کی بہادری کا عملی مظاہرہ دیکھا، شرجیل میمن
دفاعی خود انحصاری اور قیادت کے کردار پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کردار بنیادی ہے، جنہوں نے دس جنوری انیس سو بہتر کو ملتان میں ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کا تاریخی فیصلہ کیا تھا۔ بعد ازاں شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی ترسیل کے لیے میزائل پروگرام کی بنیاد رکھی جس نے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
انہوں نے حالیہ کامیابیوں کا سہرا پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ JF-17 اور J-10C جیسے جدید طیارے صدر آصف علی زرداری کے پہلے دورِ حکومت میں حاصل کیے گئے تھے، جن کے ذریعے آج رافیل طیاروں کو گرایا گیا۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی سفارتی جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کم عمر ترین وزیر خارجہ کے طور پر دنیا بھر میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا اور بھارت کو سفارتی محاذ پر عبرتناک شکست دی۔
مراد علی شاہ نے موجودہ عسکری قیادت اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج ملک کے دفاع کی قیادت چیف آف ڈیفنس فورس، فیلڈ مارشل عاصم منیر کر رہے ہیں۔
انہوں نے سفارتی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال پہلے کسی نے یہ نہیں سوچا تھا کہ جب ایران پر امریکہ اور اسرائیل حملہ کریں گے تو پاکستان ان کے درمیان جنگ بندی کروانے کا سبب بنے گا۔ اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کی سینئر قیادت کو ایک میز پر بٹھانا پاکستان کا ایک بہت بڑا عالمی معرکہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج دنیا کے تمام مسائل حل کرنے کے لیے پاکستان ایک مرکزی ملک بن چکا ہے اور ہم اسرائیل کی بربریت کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










