نئی نسل نے معرکہ حق میں پاک افواج کی بہادری کا عملی مظاہرہ دیکھا، شرجیل میمن

شرجیل میمن نے تقریب سے خطاب میں پاک افواج کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کو وہ عبرتناک شکست دی گئی جسے تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
بھارت کے خلاف تاریخی ’معرکہ حق‘ میں حاصل کی گئی عظیم الشان فتح کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج کا دن پوری پاکستانی قوم کے لیے فخر اور خوشی کا دن ہے، کیونکہ ہماری مسلح افواج نے دشمن کی ہر چال کو ناکام بناتے ہوئے اسے وہ منہ توڑ جواب دیا، جس کی توقع اسے نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز نے بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا اور یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان کا عالمی سطح پر ذمہ دارانہ دو ٹوک مؤقف اور بھرپور دفاعی عزم
شرجیل میمن نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری نئی نسل نے پچھلی بڑی جنگیں نہیں دیکھی تھیں، لیکن اس معرکے نے انہیں اپنی پاک افواج کی حقیقی صلاحیت، بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا عملی اندازہ کروا دیا ہے۔
اپنے خطاب کے دوران انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے دفاعی کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر ملک کے دفاع کو ہمیشہ کے لیے محفوظ بنایا، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک کو جدید میزائل ٹیکنالوجی دے کر اس دفاع کو مزید مستحکم کیا۔
انہوں نے آصف علی زرداری کے دورِ صدارت میں قیادت اور کمانڈ کے موثر کردار کو بھی سراہا۔ شرجیل میمن نے بلاول بھٹو زرداری کی جرات مندی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیرِ خارجہ انہوں نے عالمی فورمز پر بھارتی وزیرِ اعظم کو ’بچر آف گجرات‘ اور ’بچر آف کشمیر‘ پکار کر دشمن کا اصل چہرہ بے نقاب کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھارت میں بلاول بھٹو کے سر کی قیمت مقرر کی گئی، تب بھی وہ نڈر ہو کر بھارت گئے اور وہاں کی سرزمین پر کھڑے ہو کر کشمیر کا مقدمہ لڑا۔
انہوں نے بھارتی میڈیا کی غلط رپورٹنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن میڈیا نے لاہور اور کراچی کی تباہی کا جھوٹا تاثر دیا، جبکہ حقیقت میں پاکستانی شاہینوں نے بھارتی غرور کو خاک میں ملا دیا تھا، اور اس دوران پاکستانی میڈیا نے انتہائی ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کرتے ہوئے سچائی کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










