پیر، 4-مئی،2026
پیر 1447/11/17هـ (04-05-2026م)

بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان کا عالمی سطح پر ذمہ دارانہ دو ٹوک مؤقف اور بھرپور دفاعی عزم

04 مئی, 2026 10:35

بھارت کی جانب سے نام نہاد آپریشن سندور اور حالیہ اشتعال انگیزیوں کے جواب میں پاکستان نے عالمی سطح پر انتہائی ذمہ دارانہ مگر دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے۔ پاکستانی سفیروں نے واشنگٹن سے لندن تک بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ کسی بھی مہم جوئی کا انجام فروری 2019 سے مختلف نہیں ہوگا۔

بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان نے ایک بار پھر عالمی برادری کے سامنے اپنا ذمہ دارانہ رویہ ثابت کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کو کسی بھی قسم کی مہم جوئی کے سنگین نتائج سے خبردار کر دیا ہے۔

بھارت کی جانب سے نام نہاد آپریشن سندور کے ذریعے خطے کا امن داؤ پر لگانے کی کوششوں کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا ہے، مگر اس اشتعال انگیزی کے باوجود اسلام آباد نے صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا تاکہ خطے کو کسی بڑی تباہی سے بچایا جا سکے۔

پاکستان نے عالمی فورمز پر مسلسل یہ مؤقف اپنایا ہے کہ بھارت اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے سرحدوں پر کشیدگی پیدا کر رہا ہے، جس سے باز رہنا خود بھارت کے حق میں بہتر ہے۔

برطانیہ میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے حالیہ معرکہ حق سے قبل بھارت کو سخت الفاظ میں متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ مہم جوئی کی حماقت کی تو اسے فروری 2019 کی طرح ایک بار پھر منہ توڑ جواب دیا جائے گا، جس کا اسے طویل عرصے تک دکھ رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : آپریشن سندور میں ذلت آمیز شکست اور شدیدسفارتی تنہائی کے بعد بھارت کا ایک اور فالس فلیگ ڈرامہ بے نقاب

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی حملے کی صورت میں پاکستان کا ردعمل انتہائی مناسب اور مؤثر ہوگا اور ہم اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ مسئلہ ہے، جس کا حل اقوام متحدہ کی مداخلت یا باہمی معاہدوں کے تحت نکالنا ناگزیر ہے ورنہ خطے میں دیرپا امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

اسی طرح امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے بھی واشنگٹن میں بھارت کی جارحانہ پالیسیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت تنبیہ کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کی سالمیت پر آنچ آئی یا ہماری سرزمین پر حملہ ہوا تو پاکستان اپنی پوری فوجی قوت کے ساتھ بھارت کو جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

رضوان سعید شیخ نے عالمی برادری کو متوجہ کرتے ہوئے ایک بڑے خطرے کی نشاندہی کی کہ اگر دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان مکمل جنگ چھڑ گئی تو اس کے اثرات کہاں تک جائیں گے اور اس کا انجام کیا ہوگا اس کا تصور کرنا بھی محال ہے۔

ماہرینِ سیاست و دفاع کا بھی یہی ماننا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود خطے کے وسیع تر مفاد میں مذاکرات اور پرامن تصفیے پر زور دیا ہے تاکہ انسانیت کو جنگی تباہی سے بچایا جا سکے مگر اس امن پسندی کو پاکستان کی کمزوری سمجھنا بھارت کی بہت بڑی بھول ہوگی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔