اتوار، 10-مئی،2026
اتوار 1447/11/23هـ (10-05-2026م)

لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کا حملہ، جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار

10 مئی, 2026 15:17

لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے پولیس کی گشتی گاڑی پر حملہ کیا، جسے پولیس جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری سے ناکام بنا دیا۔

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے تھانہ ڈاڈیوالہ میں امن و امان کے قیام کے لیے گشت پر مامور پولیس کی موبائل گاڑی کو فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔

تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے گھات لگا کر پولیس پر بزدلانہ حملہ کیا، تاہم پولیس کے جوان مکمل طور پر الرٹ تھے اور انہوں نے کسی بھی جانی نقصان سے بچنے کے لیے فوری طور پر پوزیشن سنبھال لی۔

یہ بھی پڑھیں : لکی مروت میں دہشت گردوں کا سیکیورٹی کیمپوں پر حملہ، دو اہلکار شہید

پولیس نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا بھرپور اور مؤثر انداز میں جواب دیا، جس سے حملہ آور بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے۔

پولیس کی جانب سے کی جانے والی جوانمردانہ اور دلیرانہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں بری طرح ناکام ہو گئے اور رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قریبی پہاڑیوں اور جھاڑیوں کی طرف فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت نزیر خان کی خصوصی ہدایات پر پولیس کی ایک بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر مفرور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نذیر خان نے تھانہ ڈاڈیوالہ کے جوانوں کی جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لکی مروت پولیس دہشت گردوں کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ضلع میں امن کی بحالی کے لیے کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز اور مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔