ہفتہ، 30-مئی،2026
جمعہ 1447/12/12هـ (29-05-2026م)

لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ؛ بیرون ملک سفر سے روکنے پر ایف آئی اے کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری

29 مئی, 2026 12:28

لاہور ہائیکورٹ نے مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے معاملات پر اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے لیے نئی ہدایات اور گائیڈ لائنز مقرر کر دی ہیں۔

عدالت نے قرار دیا ہے کہ کسی بھی شہری کو صرف خدشات یا مبہم وجوہات کی بنیاد پر بیرون ملک سفر سے نہیں روکا جا سکتا، اور امیگریشن حکام کو ہر اقدام کی واضح اور تحریری وجوہات ریکارڈ کرنا لازمی ہوں گی۔

جسٹس راحیل کامران نے ایک شہری کی درخواست پر 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے نائجیریا جانے سے روکنے کے ایف آئی اے کے اقدام کو کالعدم قرار دے دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آف لوڈنگ کے وقت متعلقہ افسران کو نہ صرف تفصیلی وجوہات تحریری طور پر درج کرنا ہوں گی بلکہ مسافر سے کیے گئے سوالات اور ان کے جوابات بھی باقاعدہ ریکارڈ کا حصہ بنانا ضروری ہوگا۔

مزید کہا گیا ہے کہ جہاں ممکن ہو امیگریشن انٹرویو یا گفتگو کو الیکٹرانک طور پر محفوظ کیا جائے اور آف لوڈنگ آرڈر یا متعلقہ دستاویز کی کاپی متاثرہ مسافر کو فراہم کرنا بھی لازمی ہو گا۔

عدالت نے واضح کیا کہ درست ویزا، ٹکٹ اور مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے شہری کو صرف شک یا خدشے کی بنیاد پر سفر سے روکنا غیر قانونی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ بیرون ملک سفر ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور ایف آئی اے کے اختیارات محدود اور قانون کے تابع ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق انہیں تمام سفری دستاویزات اور بورڈنگ کارڈ جاری ہونے کے باوجود صرف اس شبہ پر آف لوڈ کیا گیا کہ وہ ممکنہ طور پر واپس نہیں آئیں گے، جس پر عدالت نے یہ اقدام غیر قانونی قرار دے دیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔