فلسطین کو تسلیم کیے بغیر ابراہیمی معاہدے پر کوئی لچک نہیں دکھائیں گے، اسحاق ڈار

No Flexibility Without Palestine Recognition
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ فلسطین کو تسلیم کیے بغیر ابراہیمی معاہدے پر کوئی لچک نہیں دکھائیں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوتی اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت تسلیم نہیں کیا جاتا، پاکستان اپنے مؤقف میں کسی قسم کی نرمی یا لچک نہیں دکھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کا حامی رہا ہے اور ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل میں بھی مثبت اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان ابتدائی رابطوں اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کا عالمی تشخص مزید مضبوط ہوا ہے جبکہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق ملنا چاہیے، فلسطین کے حوالے سے پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات میں پاکستانی سفیر اور دفتر خارجہ کے دیگر حکام شامل تھے، مارکوروبیو کے ساتھ خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان پہلی جنگ بندی پاکستان کی کوشش سے ممکن ہوئی، امریکا اور ایران کی اس بار بھی جنگ بندی پاکستان کی کاوشوں سے ممکن ہوئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ایران امریکا معاہدے کے ساتھ ہی سعودی عرب، قطر اور پاکستان سمیت مسلم ممالک کو ’ابراہیمی معاہدے‘ کا حصہ بن جانا چاہیے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












