ہل پارک کی زمین پر غیر قانونی قبضے کیخلاف ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس، مزاحمت کا اعلان

فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کو گزشتہ 18 سال سے لینڈ مافیا کے حوالے کیا جا رہا ہے اور اب سرکاری زمینوں کے قبضے بے نقاب کیے جائیں گے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے دیگر سینیئر رہنماؤں امین الحق، وسیم اختر اور علی خورشیدی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو گزشتہ اٹھارہ سال سے جان بوجھ کر قبضہ مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
انہوں نے ہل پارک کی زمین پر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پورے شہر میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، زمینوں پر قبضے ہو رہے ہیں اور کراچی جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے۔
فاروق ستار نے الزام لگایا کہ اس تباہی میں سندھ کی صوبائی حکومت اور اس کے وڈیرے برابر کے شریک ہیں، جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران بھی لینڈ مافیا کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی: پولیس وردی میں شہریوں کو اغوا کرنے والے آٹھ ملزمان گرفتار
انہوں نے یاد دلایا کہ جب وسیم اختر مئیر تھے تو سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت ہل پارک سے قبضہ ختم کروایا گیا تھا اور ایم کیو ایم کے مئیرز کے دور میں کبھی یہاں پلاٹنگ کی اجازت نہیں دی گئی۔
فاروق ستار نے مئیر کراچی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارکوں میں تجارتی سرگرمیاں روکنا ان کی ذمہ داری ہے لیکن یہاں چند دنوں میں پہاڑیاں کاٹ دی گئیں۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہ دراصل پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کا گٹھ جوڑ ہے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے افسران کے خلاف نیب میں مقدمہ چلنا چاہیے کیونکہ وزیر اعلیٰ سندھ کے سال 2007 کے ماسٹر پلان میں بھی اس مبینہ الاٹمنٹ کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










