جمعرات، 4-جون،2026
جمعرات 1447/12/18هـ (04-06-2026م)

یورپی یونین کی نائب صدر کاجا کالاس کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید

برسلز: کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں یورپی یونین کی نائب صدر اور خارجہ امور کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس کا دورۂ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کاجا کالاس کا دورہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے، جس کے ذریعے سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔

علی رضا سید نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی قیادت اور یورپی یونین کی اعلیٰ سفارتی نمائندہ کے درمیان ملاقاتوں میں جنوبی ایشیا کی صورتحال، علاقائی امن و استحکام اور مسئلہ کشمیر سمیت اہم تنازعات کے پرامن حل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اس لیے یورپی یونین خطے میں امن کے قیام اور خصوصاً مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اس کے منصفانہ حل سے پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کے حقِ خودارادیت سے زیادہ عرصے تک محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

علی رضا سید نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف دی جانے والی دھمکیوں کے حوالے سے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو خطے میں امن، مذاکرات اور باہمی احترام کی پالیسی پر کاربند ہے، تاہم اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ جنگ اور دھمکیوں سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام میں اضافہ ہوتا ہے۔ پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور باہمی احترام ہی واحد راستہ ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔