اتوار، 14-جون،2026
ہفتہ 1447/12/27هـ (13-06-2026م)

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں کتنے خاندانوں کو اپنا گھر مل گیا اور پلاٹ کتنے افراد کو ملے؟ اعداد و شمار سامنے آگئے

02 جون, 2026 14:05

پنجاب حکومت کے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت بے گھر اور کم آمدن والے خاندانوں کو رہائش فراہم کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

حکومتی رپورٹ کے مطابق اب تک ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کو اپنا گھر فراہم کیا جا چکا ہے۔ اس منصوبے کو صوبے میں رہائشی سہولتوں کی بہتری کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں پروگرام کی مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قرضوں کی تقسیم، گھروں کی تعمیر کی رفتار اور زیر التوا درخواستوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 208 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ یہ قرضے شہری اور دیہی دونوں علاقوں کے مستحق خاندانوں کو دیے جا رہے ہیں۔ مقصد یہ ہے کہ کم آمدن طبقہ اپنے گھر کی تعمیر مکمل کر سکے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 56 ہزار سے زیادہ خاندانوں کو گھر بنانے کے لیے مالی مدد فراہم کی گئی ہے۔ اس وقت 32 ہزار سے زائد گھر مختلف مراحل میں زیر تعمیر ہیں۔ تقریباً 7 ہزار 792 خاندانوں کو جلد مزید قرضوں کی ادائیگی مکمل کر دی جائے گی۔

اجلاس میں پروگرام کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ آئندہ مالی سال میں ایک لاکھ مزید خاندانوں کو اس اسکیم میں شامل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس توسیع کا مقصد زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو اپنے گھر کا خواب پورا کرنے میں مدد دینا ہے۔

وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ پروگرام میں شفافیت اور رفتار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں اس اسکیم کا دائرہ کار بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔