گلگت بلتستان چین پاکستان اقتصادی راہداری کا مرکز ہے، ہر صورت ترقی دیں گے، نواز شریف

نواز شریف نے گلگت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کی ترقی اور ہوائی اڈے کو بڑا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے گلگت بلتستان انتخابات کے سلسلے میں ایک بہت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا ہے۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کئی برس بعد گلگت بلتستان کے عوام سے گفتگو ہو رہی ہے اور یہاں کے لوگوں کا جوش و خروش دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے کیونکہ گلگت بلتستان کے عوام ہمیشہ ان کے دل میں بستے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ماضی کی حکومتوں نے گلگت بلتستان کو کیوں نظر انداز کیا؟ ان کا دل روتا ہے کہ یہاں کے عوام کا پیسہ ان پر کیوں نہیں لگایا گیا۔
نواز شریف نے کہا کہ وہ کسی پر تنقید یا برائی کرکے ووٹ نہیں مانگتے بلکہ ہمیشہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگتے ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ان کے دور حکومت میں گلگت کا جو سفر 9 گھنٹے کا تھا، اسے انہوں نے سڑکیں بنا کر 3 گھنٹے کا کر دیا اور خیبر پختونخوا میں 70 سال سے ادھوری لواری ٹنل کو اربوں روپے خرچ کرکے مکمل کیا۔
یہ بھی پڑھیں : چاہتا ہوں گلگت بلتستان کا فیصلہ اسلام آباد میں بیٹھا بابو نہیں آپ کریں، بلاول بھٹو
لیگی صدر نے کہا کہ تجارت بڑھنے پر گلگت بلتستان بہت خوشحال ہوجائے گا۔ گلگت بلتستان چین پاکستان اکنامک کوریڈور کا مرکز ہے۔
انہوں نے گلگت میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور سولر کے ذریعے 100 میگاواٹ کا انتظام کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کو شاباش دی۔
نواز شریف نے وعدہ کیا کہ ووٹ ملے نہ ملے وہ عوام کو ان کے حقوق سے محروم نہیں کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف سے بات کرکے گلگت کے ہوائی اڈے کو بڑا کروائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں الیکٹرک بسیں چلائیں گے اور دل کے آپریشن اور کینسر کے اسپتال کو مزید وسیع کریں گے تاکہ کسی مریض کو علاج کیلئے اسلام آباد یا کراچی نہ جانا پڑے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب کی طرح گلگت بلتستان میں بھی لوگوں کو گھر اور نوجوانوں کو بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








