جمعرات، 4-جون،2026
جمعرات 1447/12/18هـ (04-06-2026م)

وفاقی حکومت کی کفایت شعاری مہم، نئے کاروباری اوقات کار جاری

03 جون, 2026 16:07

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کفایت شعاری مہم کے تحت ملک بھر میں مختلف کاروباری سرگرمیوں کے لیے نئے اوقات کار جاری کر دیے ہیں۔

کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، گروسری اور کریانہ اسٹورز رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تمام کمرشل سرگرمیاں رات 10 بجے تک جاری رکھنے کی اجازت ہوگی جبکہ ریسٹورنٹس، کیفے، کیٹرنگ سروسز، ہوٹلز اور سبزی و پھلوں کی دکانیں رات 11 بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔

حکومت نے ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو نئے اوقات کار سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز، میڈیکل کلینکس، اسپتال، بیکریز، تندور اور دودھ دہی کی دکانیں بھی مقررہ اوقات کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ اس کے علاوہ پیٹرول پمپس، الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز، جم، کھیلوں کی سہولیات، پیڈل کورٹس، آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز کو بھی استثنیٰ دیا گیا ہے۔

حکومت کے مطابق یہ اقدام توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت کیا گیا ہے تاکہ بجلی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔