اتوار، 14-جون،2026
ہفتہ 1447/12/27هـ (13-06-2026م)

گرج چمک کے ساتھ کہاں کہاں بادل برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے بڑی خوشخبری سنادی

03 جون, 2026 10:46

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران کئی علاقوں میں موسم کا رخ تبدیل ہو سکتا ہے جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔

پشاور میں آج موسم گرم رہے گا جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ تاہم شام اور رات کے اوقات میں موسم میں تبدیلی آ سکتی ہے اور بعض علاقوں میں بارش کے امکانات موجود ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بالائی اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان اور مالاکنڈ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح شانگلہ، بٹگرام، بونیر، باجوڑ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مہمند، خیبر، شمالی و جنوبی وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ پشاور، مردان، ہنگو اور کرم کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ بعض میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز کاکول میں 3 ملی میٹر جبکہ پاراچنار میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے اس سلسلے سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش نے معمولات زندگی کو متاثر کیا۔ کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہی جبکہ مختلف حادثات میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

سندھ کے کئی علاقوں میں مٹی کے طوفان کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، گجرات، سرگودھا اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم بعض علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔