اتوار، 14-جون،2026
ہفتہ 1447/12/27هـ (13-06-2026م)

نادرا جووینائل کارڈ کیا ہے اور کیوں انتہائی اہم ہے؟

03 جون, 2026 11:31

نادرا نے 18 سال سے کم عمر پاکستانی بچوں کے لیے جووینائل کارڈ کی سہولت کو مزید مؤثر اور آسان بنا دیا ہے۔

 جووینائل کارڈ بچوں کی شناخت کے لیے ایک جدید دستاویز ہے جو روایتی ب فارم کا جدید متبادل سمجھا جاتا ہے۔ اس سہولت کا مقصد والدین کو بچوں کی رجسٹریشن اور شناختی دستاویزات کے حصول میں آسانی فراہم کرنا ہے۔

نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے ایک پوڈکاسٹ میں جووینائل کارڈ کی اہمیت اور اس کے فوائد کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارڈ 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے جاری کیا جاتا ہے اور اسے نادرا کے رجسٹریشن مراکز یا پاک آئیڈنٹٹی موبائل ایپ کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی پیدائش کی رجسٹریشن کا نظام پہلے کے مقابلے میں زیادہ جدید اور آسان بنایا گیا ہے۔ اب والدین کو بچے کی پیدائش کے فوراً بعد مختلف سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل ہو سکے۔

نادرا کے مطابق "برتھ نوٹیفکیشن ٹول” کے ذریعے بچے کی پیدائش کے بعد والدین کو فوری طور پر ایس ایم ایس موصول ہوتا ہے۔ اس پیغام کی مدد سے یونین کونسل میں چائلڈ برتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بنوانے کا عمل آسان ہو جاتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بچوں کی بروقت رجسٹریشن کو یقینی بنانا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ تین سال سے کم عمر بچوں کے لیے تصویر، بائیومیٹرک یا بچے کی ذاتی موجودگی ضروری نہیں ہوتی۔ اس مرحلے پر والدین میں سے ایک درخواست جمع کرواتا ہے جبکہ دوسرا والد یا والدہ اس کی تصدیق کرتا ہے۔

جب بچہ تین سال کی عمر مکمل کر لیتا ہے تو اس کی تصویر نادرا کے ریکارڈ کا حصہ بنائی جاتی ہے۔ اس کے بعد 10 سال کی عمر میں بائیومیٹرک معلومات اور دیگر ضروری شناختی تفصیلات بھی شامل کی جاتی ہیں تاکہ ریکارڈ مزید محفوظ اور مستند بنایا جا سکے۔

نادرا حکام کے مطابق جووینائل کارڈ دراصل ب فارم کی کارڈ نما شکل ہے جسے جدید ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کروایا گیا ہے۔ یہ کارڈ تعلیمی اداروں، سفری معاملات اور دیگر سرکاری و نجی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یہ کارڈ بچے کے 18 سال کی عمر تک قابل استعمال رہتا ہے۔ اس کے بعد ہر شہری کے لیے قومی شناختی کارڈ بنوانا لازمی ہوتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔